لوک سبھا چیئرمین کی اراکین کو نصیحت اگر آپ خود انفیکشن پھیلائیں گے تو ملک کو کیا پیغام جائے گا

RushdaInfotech July 24th 2021 urdu-news-paper
لوک سبھا چیئرمین کی اراکین کو نصیحت اگر آپ خود انفیکشن پھیلائیں گے تو ملک کو کیا پیغام جائے گا

نئی دہلی -23جولائی (یو این آئی) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے جمعہ کو ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے والے ممبروں سے کووڈسے متعلق رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوامی نمائندے انفیکشن پھیلائیں گے تو ملک میں منفی پیغام جائے گا-وقفہ سوال کے دوران حزب اختلاف کی متعدد جماعتوں کے اراکین ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ہوئے ایوان کے وسط میں نعرے لگارہے تھے - اس پر مسٹر برلا نے کہا کہ ”ممبران! کووڈ انفیکشن اور ویکسین کے اہم معاملوں پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے - پورا ملک جاننا چاہتا ہے کہ ہندوستان میں ویکسین کی کیا صورت حال ہے - میں آپ سے گزارش کروں گا کہ کم سے کم ماسک پہنیں - کورونا انفیکشن ابھی ختم نہیں ہوا ہے - اگر آپ خود انفیکشن پھیلائیں گے تو ملک میں کیا پیغام جائے گا“؟اس وقت وزیر صحت من سکھ مانڈویا کووڈسے متعلق ایک ضمنی سوال کا جواب دے رہے تھے -اسپیکر نے نعرے بازی کررہے ممبروں سے کہا کہ آپ عوامی نمائندے ہیں، آپ لوگوں کی نمائندگی کرتے ہیں - آپ کووڈ کے بارے میں بات چیت کرنے، ویکسی نیشن کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کیلئے عوام نے منتخب کیا ہے - آپ بحث نہیں کرنا چاہتے - ماسک کھول کر نعرے بازی کررہے ہیں - پلے کارڈ نکال رہے ہیں - یہ ٹھیک نہیں ہے - کووڈ سے متعلق رہنما اصولوں پر عمل کریں -انہوں نے بتایا کہ عوام اپنے منتخب قائدین سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں - انہوں نے اپوزیشن اراکین کو یقین دلایا کہ انہیں ہر معاملے پر بات کرنے کا موقع دیا جائے گا- وہ اپنی اپنی نشستوں پر جائیں - تاہم ان کے الفاظ کا ممبروں پر کوئی اثر نہیں ہوا اور کچھ دیر بعد ایوان کی کارروائی دوپہر12بجے تک ملتوی کرنی پڑی-


Recent Post

Popular Links