5/کروڑ کی لاگت سے مثالی اسٹیڈیم تعمیر کیاجائے گا:رمیش کمار

RushdaInfotech July 21st 2021 urdu-news-paper
5/کروڑ کی لاگت سے مثالی اسٹیڈیم تعمیر کیاجائے گا:رمیش کمار

سرینواسپور۔20جولائی(سالارنیوز) ٹاؤن کے اسٹیڈیم کو 5کروڑ کی لاگت سے ترقی دی جائے گی اور مثالی اسٹیڈیم تعمیرکیاجائے گا۔یہ بات رکن اسمبلی وسابق اسپیکر کے آر رمیش کما رنے کہی۔انہوں نے یہاں ٹاؤن منسپل کونسل کے احاطے میں طلب کردہ افسروں اور شہریوں کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کہاکہ اسٹیڈیم کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے 5کروڑ روپئے منظور ہوئے ہیں،متعلقہ افسروں کو چاہئے کہ اسٹیڈیم کے اطراف کی زمین پر ہوئے غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔سرکاری عمارتوں کو چھوڑ کر تعمیر کی گئی غیر قانونی عمارتوں کو ڈھادیاجائے۔انہوں نے کہاکہ سوئمنگ پول سمیت آؤٹ ڈور اور ان ڈور اسٹیڈیم کیلئے درکار سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔آم کیلئے دنیابھر میں مشہور اس ٹاؤن میں پاکی وصفائی کا کوئی نظم نہیں ہے،ہر جگہ گندگی پھیلی ہوئی ہے،منسپل کونسل کے چیف آفیسر کو چاہئے کہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ کام انجام دیں۔ٹاؤن میں جاری ترقیاتی اور تعمیری کاموں کا معیار بلند ہونا چاہئے،کمیشن کے لالچ میں آکر عوام کا پیسہ برباد نہ کیاجائے،تعمیری کام کے معیار کے معاملے میں کسی بھی طرح کی رعایت نہیں دی جائے گی اور گھٹیاکام کرنے والے ٹھیکہ داروں کو ہرگز بخشانہیں جائے گا۔رمیش کمارنے کہاکہ ٹاؤن کے ایم جی روڈ پر ٹرافک کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے پارکنگ نظام قائم کیاجائے گا اور ہر روز سڑک کی ایک جانب گاڑیاں کھڑی کرنے کا موقع دیاجائے گا۔پولیس اور ٹاؤن منسپل کونسل کے افسروں کو چاہئے کہ پارکنگ نظام کو سختی سے عمل میں لائیں۔مسافروں کی سہولت کیلئے ٹاؤن کے دونوں بس اسٹانڈس میں کے ایس آر ٹی سی بسوں کی سہولت فراہم کی جارہی ہے پرائیویٹ بسوں کو بھی پرانے بس اسٹانڈ میں مسافروں کو پک کرنے کا موقع دیاجاناچاہئے،جس سے ٹرافک کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ منسپل عملہ اور افسروں کو چاہئے کہ عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے کام کریں اور کسی بھی طرح کی شکایت کو موقع نہ دیں۔راستوں اور نالوں کی تعمیر کو ترجیح دیں۔اس موقع پر ٹاؤن منسپل کونسل کی صدر ایم این للیتا سرینواس،نائب صدر عائشہ نیاز،تحصیلدار ایس ایم سرینواس،ڈی وائی ایس پی گری،چیف آفیسر وائی این ستیہ نارائن،انسپکٹر روی کمار،ضلع پنچایت کے سابق صدر سرینواسن،ٹاؤن منسپل کونسل کے سابق صدر کے انیس احمد،پی ایل ڈی بینک کے صدر دمبال اشوک اور دیگر موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links