کورونا کی تیسری لہر کیلئے حکومت تیار:وزیر صحت

RushdaInfotech July 21st 2021 urdu-news-paper
کورونا کی تیسری لہر کیلئے حکومت تیار:وزیر صحت

نئی دہلی، 20 جولائی (یو این آئی) حکومت نے منگل کے روز راجیہ سبھا میں کہا کہ کورونا وبا کی تیسری لہر کو روکنے کیلئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر ہر ممکن تیاری کی گئی ہے اور اس کیلئے پہلے ہی 23 ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔ایوان میں کورونا وبا پر تقریباً چار گھنٹے تک ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر من سُکھ مانڈویا نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پیکیج کا جو اعلان کیا ہے، اس سے ریاستوں کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے ریاستوں سے اپنے منصوبوں کو جلد سے جلد مرکز کو بھیجنے کی درخواست کی تاکہ فوراً رقم مہیا کروائی جا سکے۔مسٹر مانڈویا نے کہا کہ مرکزی حکومت کے پیکیج سے ضلع اسپتالوں میں بچوں کیلئے وارڈ، آئی سی یو کی سہولت، دوا کی دستیابی اور ایمبولینس کی سہولت مہیا کروائی جائے گی۔ یہ رقم نو ماہ میں خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کووڈکی دوسری لہر کے دوران ملک میں وسیع پیمانے پر میڈیکل آکسیجن کا مطالبہ بڑھا تھا اور اسی کا خیال کرکے مرکزی حکومت نے پورے ملک میں 1573 آکسیجن پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے 316 پلانٹ شروع ہو گئے ہیں۔ باقی پلانٹس اگست تک نصب کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ بھی ان پلانٹس پر نظر رکھیں۔وزیر صحت نے کہاکہ ملک میں کورونا کے ویکسین پروڈکشن کی استعداد بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور جیسے جیسے پروڈکشن بڑھے گا ویسے ویسے ٹیکے لگانے کی شرح بڑھے گی۔ ابھی تقریباً 50 لاکھ یومیہ کی رفتار سے ویکسین لگائے جا رہے ہیں۔ بعد میں اسے 60 لاکھ اور 75 لاکھ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق دواؤں کا پروڈکشن بڑھایا گیا ہے اور بلیک فنگس کی دوا کا پروڈکشن بڑھانے کے علاوہ درآمد بھی کی گئی ہے۔


Recent Post

Popular Links