PUCمیں سب پاس ایس ایس ایل سی اور پی یو سی سال اول کے مظاہرہ کی بنیاد پر طلباء کی درجہ بندی:سریش کمار

RushdaInfotech July 21st 2021 urdu-news-paper
 PUCمیں سب پاس ایس ایس ایل سی اور پی یو سی سال اول کے مظاہرہ کی بنیاد پر  طلباء کی درجہ بندی:سریش کمار

بنگلورو20جولائی(سالار نیوز)پی یو سی سا ل دوم کے نتائج کا منگل کے روز اعلان کردیاگیا۔ پی یو سی میں زیر تعلیم طلباء میں سے 4,20,406کو فرسٹ کلاس اور امتیازی زمرے میں پاس قرار دیا گیا ہے۔1,42,056طلباء سکینڈ کلاس زمرے میں کامیاب قرار دئیے گئے ہیں جبکہ 48,729طلباء کو جسٹ پاس قراردیا گیا ہے۔ پی یو ایجوکیشن بور ڈ کی طرف سے تمام طلباء کو نتائج ایس ایم ایس کے ذریعے روانہ کردئیے گئے ہیں۔ریاستی وزیر برائے بنیادی و ثانوی تعلیم سریش کمار نے ایک اخباری کانفرنس میں پی یو سی سال دوم کے نتائج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی یو سی سال دوم کے نتائج کا تعین الگ الگ پیمانوں پر کیا گیا ہے ان میں دوسال قبل ایس ایس ایل سی امتحان میں طلباء کے مظاہرے کے 75فیصد مارکس اور گزشتہ سال پی یو سی سال اول کے امتحان میں ان کی طرف سے لئے گئے مارکس کے 10فیصد اوسط کی بنیاد پر ان کو پاس قرار دینے یا درجہ بندی کرنے کا نتیجہ نکالا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال 6,66,467طلباء نے حصہ لیا۔ ان تمام کو درجہ بندی کی بنیاد پر پاس قرار دیا گیا ہے۔ سریش کمار نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ تمام طلباء کو امتحان کے بغیرہی پاس قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کامرس میں 2,51,686سائنس میں 2,19,777/ اور آرٹس میں 69,259طلباء نے امتحان لکھا اور تمام کے تمام کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔گزشتہ سال کے پی یوسی نتائج کے مقابل رواں سال پاس ہونے والوں کے اوسط میں 33فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔سریش کمار نے کہا کہ جو طلباء ان کو دی گئی گریڈنگ سے مطمئن نہیں ہیں وہ امتحان لکھ کر باقاعدہ پاس ہو سکتے ہیں۔ امتحان لکھنے کے خواہشمند طلباء کو 30جولائی تک اپنا نام درج کروانا ہو گا۔ 19/اگست سے 3ستمبر 2021کے درمیان ان کیلئے امتحان کا نظم کیا جائے گا۔ نتائج کا اعلان پی یو ایجوکیشن بورڈ کی ویب سائٹ:www.pue.kar.nic.inپر کیا گیا ہے۔؎


Recent Post

Popular Links