کووڈ کی تیسری لہر سے نپٹنے ریاستی انتظامیہ مستعد: اشوک

RushdaInfotech July 19th 2021 urdu-news-paper
کووڈ کی تیسری لہر سے نپٹنے ریاستی انتظامیہ مستعد: اشوک

بنگلورو18جولائی(سالار نیوز) وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے ریاست کے تمام سرکاری عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ کورونا کی تیسری لہر کے ممکنہ خطرات سے نپٹنے کے لئے ابھی سے مستعد ہو جائیں۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے محصولات آر اشوک نے کہی۔ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ان لاک۔4کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد اخباری نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے اشوک نے کہا کہ بھاری مقدار میں آکسیجن کی ذخیرہ اندوزی، اسپتالوں میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کے لئے بستروں کی دستیابی۔ تیسری لہر کی زد میں بچوں کے زیادہ تعداد میں آنے کے اندیشوں کے سبب اسپتالوں میں ان بچوں کے علاج کے لئے الگ سے انتظام کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔اشوک نے بتایا کہ اس ضمن میں ایڈی یورپا جلد ہی ایک میٹنگ طلب کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے بنگلورو میں ترقیاتی کام بالکل متاثر نہ ہونے پائیں اس کے لئے وزیر اعلیٰ نے افسروں کو ہدایت جاری ہی ہے۔ اشوک نے کہا کہ 26جولائی کو کرناٹک میں بی جے پی حکومت کے قیام کو دوسال پورے ہونے جا رہے ہیں۔
اس دوسال مدت میں کرناٹک کی ترقی اور کورونا سے نپٹنے کے لئے حکومت نے جو قدم اٹھائے ہیں ان کی فہرست تیار کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا نے افسروں کو ہدایت جاری کی ہے۔کرنا ٹک میں بی جے پی حکومت کی قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے اشوک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے عہدے پر ایڈی یورپا ہی بنے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی قیادت کو بدلنے کے بارے میں بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے کوئی ہدایت نہیں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26جولائی کو وزیر اعلیٰ نے لیجس لیچر پارٹی کا جو اجلاس طلب کیا ہے اس کا خاص مطلب نکالنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں تمام اراکین اسمبلی متحد ہیں۔ پارٹی میں کسی بھی طرح کی برگشتگی نہیں۔


Recent Post

Popular Links