عراق کے کورونا اسپتال میں آتشزدگی سے64/افراد ہلاک

RushdaInfotech July 14th 2021 urdu-news-paper
عراق کے کورونا اسپتال میں آتشزدگی سے64/افراد ہلاک

بغداد-13جولائی (یو این آئی) عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں واقع کورونا کے ایک اسپتال میں لگنے والی آگ میں کم از کم64افراد ہلاک ہوگئے ہیں -آتشزدگی کے اس واقعہ میں کئی افراد جھلس کر زخمی بھی ہوگئے ہیں -صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے شروع ہوئی، جبکہ ایک اور صحت کے عہدیدار کے مطابق آگ لگنے کی وجہ آکسیجن سلنڈر پھٹ جانا ہے- عراقی وزارت صحت کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہ کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے-وزیر اعظم مصطفی القدیمی نے سینئر وزراء کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیاہے-ناصریہ کے ہیلتھ اور سیول ڈیفنس کے منیجر کو گرفتار کرنے اور برطرف کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں - اسپتال کے منیجر کو بھی گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور اسے بھی برخاست کردیا گیا ہے-ذی قار محکمہ صحت کے ترجمان عمار الجمیلی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ آگ لگنے کے وقت 63 مریض وارڈ میں موجود تھے- صحت کے کارکنوں نے لاشوں کو جلتے ہوئے اسپتال سے باہر نکالا جبکہ کئی مریضوں کو دھوئیں سے کھانسی آرہی تھی- صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے-اسپتال کے گارڈ علی محسن نے بتایا کہ انہوں نے کورونا وارڈ میں ایک شدیددھماکے کی آواز سنی اور آگ بہت تیزی سے پھیل گئی- ایک عینی شاہد نے بتایا کہ مریضوں کے لواحقین کی اسپتال کے باہر پولیس سے جھڑپ ہوئی اور انہوں نے پولیس کی دو گاڑیوں کو نذر آتش کردیا-


Recent Post

Popular Links