وزیر صحت سدھاکر کی لاپروائی سے ریاست میں کئی معصوموں کی جانیں گئیں:شیو شنکر ریڈی

RushdaInfotech June 18th 2021 urdu-news-paper
وزیر صحت سدھاکر کی لاپروائی سے ریاست میں کئی معصوموں کی جانیں گئیں:شیو شنکر ریڈی

گوری بدنور۔17 جون (نامہ نگار) ملک کوورنا وائرس سے دوچار ہوناپڑرہاہے،اس کے باوجودوبا پرقابو پانے اور روکنے میں مرکزی و ریاستی حکومتیں ناکام ہوگئی ہیں۔ریاست کے وزیر صحت کی غیر ذمہ داری اور لاپروائی کی وجہ سے ریاست کے کئی معصوم افراد اپنی جانیں گنوادئے ہیں۔یہ بات سابق ریاستی وزیر ومقامی رکن اسمبلی ایچ شیوشنکر ریڈی نے کہی۔انہوں نے یہاں ٹاؤن کے ایچ پی پٹرول بنک کے سامنے کانگریس کی جانب سے کئے گئے احتجاج میں حصہ لتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی کاہلی و نااہلی سے ملک میں دن بہ دن پٹرول اورڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہوتا جارہاہے اورآج فی لیٹرپٹرول کی قیمت ایک سو روپے سے زیادہ ہوگئی ہے،اس وجہ سے ضروری اشیاء کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے جس کے سبب ملک کے عوام پریشان ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جب سے مودی اس ملک کے وزیر اعظم بنے ہیں اس وقت سے اس ملک کی مالی حالت غیر مستحکم ہوگئی ہے، وہ صرف بیان بازی اور طبقوں میں تفریق پیدا کرنے اور ایک طبقہ کو دوسرے طبقہ کے خلاف بھڑکانے کی ہی کوشش کرتے نظر آرہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پچھلے سات سالوں میں مودی حکومت نے50 فیصد سے زائد جائیدادوں کو کارپوریٹ کے حوالے کردیاہے۔ملک کو ان کا غلام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے بہت ہی دکھ کے ساتھ کہا کہ اس ملک میں اب ایک فرد کی حکومت چلنے لگی ہے یہ آنے والے دنوں میں جمہوریت کیلئے خطرہ بن سکتا ہے اس لئے اس طرح کے حالات پر قابو پانے کیلئے ان کو اقتدار سے بے دخل کرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر ضلع ڈی سی سی صدر کیشوا ریڈی، تعلقہ صدراوردیگرمنتخب شدہ ارکان کے علاوہ کثیر تعداد میں پارٹی کارکن موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links