میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں میرے دور اقتدار میں کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں ہواہے۔ راجیو

RushdaInfotech June 18th 2021 urdu-news-paper
میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں  میرے دور اقتدار میں کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں ہواہے۔ راجیو

میسور۔17جون (نامہ نگار) میسور ضلع کی سابق ڈپٹی کمشنر روہنی سندوری نے میسور اربن دیولپمنٹ اتھارٹی میں موجودہ چیرمین ایچ وی راجیو کے دور اقتدار میں غیر قانونی کام ہونے کا الزام لگایاتھااور ایچ وی راجیو نے جب سے چیرمین کا عہدہ سنبھالا ہے تب سے لے کر اب تک منعقدہ موڈااجلاس میں منظور کی گئی تمام قرارداد وں کی مکمل جانچ کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا تھا۔ جس کے جواب میں بروز جمعرات موڈا کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے موڈا کے چیرمین ایچ وی راجیو نے بتایا کہ ان کے دور اقتدار میں کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیر گلی میں آر ٹی نگر لے آؤٹ کی تعمیر کے موقع پر موڈا کی جانب سے زمینوں کو تحویل میں لینے کی کارروائی ان کے دور اقتدار میں نہیں ہوئی ہے۔ ہاں یہ سچ ہے کہ زمین کی دستاویز میں کئی طرح کی غلطیاں اور خامیاں ہیں اور جب ہم نے اس کی تحقیقات کیں تو اس بات کا چلا ہے کہ زمین نہ ہونے کے باوجود معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔ ہم اس کی مزید تحقیقات کرائیں گے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کیرگلی کی 185.25/ایکٹر زمینوں کو تحویل میں لینے کیلئے سال 2001 اور 2003میں نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا۔ اور سال 2005میں زمین کو تحویل میں لیا گیا تھا۔ سال 2009-2010میں آرٹی نگر لے آؤٹ 44.20/ایکٹر زمین پر قائم کیا گیا تھا۔ اسی کے تحت سال2003سے سال 2012تک ہرجانہ کی رقم ادا کی گئی ہے۔ لیکن چند زمینوں کی دستاویزات میں غلط فہمی کی وجہ سے دستاویزات کامعائنہ کئے بغیرہرجانہ کی رقم ادا کی گئی ہے۔ یہ رقم واپس حاصل کرنے کیلئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ روہنی سندوری کی جانب سے موڈا کے چیر مین پر الزام لگایا گیا ہے کہ ایچ وی راجیو کی صدارت میں منعقدہ موڈا کے اجلاس میں 500سے زائد قرار دادیں منظور کی گئیں، اس الزام کا جواب دیتے ہوئے راجیو نے بتایا کہ موڈا کے اجلاس میں بغیر پیش کئے ایک بھی قرار داد منظور نہیں کی گئی۔انہوں نے اپنے طور پر کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ شفافیت کے ساتھ ہی تمام قراردادیں منظور کی گئیں۔ اس سلسلے میں ہم نے کوئی غیر قانونی کارروائی نہیں کی ہے اور نہ ہی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ موڈا کے کمشنر ڈاکٹر ڈی بی نتیش بھی اس موقع پر موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links