ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو عبوری ضمانت

RushdaInfotech May 18th 2021 urdu-news-paper
ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو عبوری ضمانت

کلکتہ 17مئی (یواین آئی) سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے آج ریاستی وزیر فرہاد حکیم، سبرتو مکھرجی، ممبر اسمبلی مدن مترا اور سابق میئر شوبھن چٹرجی کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔ ناردا اسٹنگ آپریشن معاملے میں سی بی آئی نے آج صبح اچانک ان لیڈروں کو پیشگی وارنٹ دئیے بغیر ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے ان لیڈروں کو ضمانت دیتے ہوئے 50ہزار روپے ذاتی مچلکہ پر ضمانت منظور کرلیا۔دوسری جانب سی بی آئی نے اشارہ دیا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف کلکتہ ہائی کورٹ میں اپیل کرسکتی ہے۔آج دن بھر سی بی آئی کے دفتر میں ہنگامہ کا سلسلہ جاری رہا۔جہاں بڑی تعداد میں ترنمول کانگریس کے ورکر احتجاج کررہے تھے۔وہیں ممتا بنرجی بذات خودسی بی آئی کے دفتر پہنچ کر اعلیٰ افسران سے ملاقات کی اور سوال کیا کہ سی بی آئی پیش گی اطلاع دئیے بغیر ترنمو ل کانگریس کے لیڈران کو کس طرح گرفتار کرسکتی ہے۔ ممتا بنرجی سی بی آئی کے دفتر میں 6گھنٹے تک موجود رہیں۔ترنمول کانگریس کے ورکروں کے احتجاج کی وجہ سے سی بی آئی انہیں فیزیکل پیش نہیں کرسکی۔بعدمیں ورچوئیل سماعت ہوئی۔ملزمین کی طرف سے عدالت میں پیش ہوتے ہوئے سینئر وکیل اور ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے عدالت میں کہا کہ سی بی آئی نے ان لیڈروں کو گرفتار کرنے سے قبل بنگال اسمبلی کے اسپیکر بمان بنرجی سے اجازت نہیں لی ہے۔اس کے علاوہ ناردا اسٹنگ آپریشن معاملے میں شوبھندو ادھیکاری اور مکل رائے کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔ان لوگوں کے بی جے پی کا لیڈر ہونے کی وجہ سے فائدہ دیا گیا ہے۔


Recent Post

Popular Links