ممبئی میں تباہی مچاکر تاؤتے گجرات سے ٹکرایا ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں، 10/لوگوں کی موت، ممبئی ایئر پورٹ بند، گجرات میں فوج مستعد

RushdaInfotech May 18th 2021 urdu-news-paper
ممبئی میں تباہی مچاکر تاؤتے گجرات سے ٹکرایا ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں، 10/لوگوں کی موت، ممبئی ایئر پورٹ بند، گجرات میں فوج مستعد

احمدآباد،17مئی (یواین آئی) بحیرہ عرب سے اٹھے انتہائی شدت والے (ایکسٹریملی سیویئر) سطح کے گردابی طوفان (تاؤتے) آج رات مہووا (بھاؤ نگر) اور پوربندر کے درمیان مرکز کے زیر انتظام دیو سے 20 کلومیٹر مشرق میں ساحل سے ٹکراگیا۔ ممبئی میں اس طوفان نے بھاری تباہی مچانے کے بعد گجرات کا رخ کیا۔ اس طوفان کے سبب ممبئی میں 6/لوگوں کی موت ہوئی۔ اس طوفان کے اثر سے پہلے ہی کیرلا، کرناٹک، گوا اور مہاراشٹر میں خاصی تباہی مچی ہے۔محکمہ موسمیات کے بلیٹن کے مطابق یہ طوفان آج دوپہر ساڑھے بارہ بجے دیو ساحل سے 154 کلومیٹر جنوب، جنوب۔ مشرق میں پر واقع تھا اور اس سے پہلے چھ گھنٹوں کے دوران 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا تھا۔ گجرات کے ساحل سے قریب ہونے کے دوران ہوا کی رفتار 155 سے 185 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساحلی گجرات کے بھاؤ نگر، بوٹاد، ولساد، نوساری، گر سومناتھ، امریلی، جوناگڑھ وغیرہ میں زبردست اور موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ احمد آباد، ودودرا، بھڑوچ، ولساد وغیرہ میں بھی تیزی سے انتہائی موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ طوفان کے اثر سے 80 سے زائد تعلقوں میں زبردست بارش ہوئی ہے۔ ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ اب بھی کہیں کہیں بارش ہو رہی ہے، جس کے شام تک مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گذشتہ روز وزیر اعلیٰ وجے روپانی سے طوفان سے بچاؤ اور امداد کے بارے میں تفصیلی اطلاعات حاصل کرنے کیلئے بات کی۔ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔طوفان کے پیش نظر ریاست میں آج اور کل کورونا ٹیکہ کاری کے کام کو مکمل طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر کنٹرول سے متعلق کام کی نگرانی کررہے محکمہ محصول کے ایڈیشنل چیف سکریٹری پنکج کمار نے بتایا کہ امدادی کاموں کیلئے کل ملاکر این ڈی آر ایف کی 41/ اور ایس ڈی آر ایف کی 10 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات یعنی تیار کئے گئے 930 پناہ کے مقامات پر منتقل کیا جاچکاہے۔ اس دوران کورونا سے متعلق تمام ہدایات پر عمل کیا گیا۔


Recent Post

Popular Links