جئے نگر فورتھ بلاک کی عید گاہ مسجد کے احاطہ میں کووِڈ کیر سنٹر کا قیام انسانیت کی خدمت کیلئے مسجد کے ذمہ داروں کی کوشش کی ہر طرف سے ستائش

RushdaInfotech May 17th 2021 urdu-news-paper
جئے نگر فورتھ بلاک کی عید گاہ مسجد کے احاطہ میں کووِڈ کیر سنٹر کا قیام انسانیت کی خدمت کیلئے مسجد کے ذمہ داروں کی کوشش کی ہر طرف سے ستائش

بنگلورو۔16مئی(سالار نیوز) ایسے مرحلہ میں جبکہ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں کورونا متاثرین کی تعداد سامنے آنے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہاہے، ان میں سے ان مریضوں کا علاج ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے جن کو کورونا کا زیادہ اثر ہو گیا ہے او ر جنہیں سانس لینے میں غیر معمولی تکلیف کا سامنا ہے۔ ان حالات میں کورونا متاثرین کی مدد کرنے کیلئے ایک غیر معمولی قدم بڑھاتے ہوئے مسلمانان جئے نگرنے جئے نگر فورتھ بلاک عید گاہ مسجد کے ایک بڑے حصہ کو کووِڈ کیر سنٹر میں تبدیل کردیا ہے، تاکہ اللہ کے اس گھر سے انسانیت کی خدمت کی جا سکے۔ 38بستروں پر مشتمل اس کووِڈ کیر سنٹر میں آکسیجن بستر بھی مہیا کروائے گئے ہیں۔ اس سنٹر کی نگرانی کے لئے ڈاکٹر س، نیم طبی عملہ اورتمام سہولتوں کی فراہمی کی جا چکی ہے۔ جئے نگرفورتھ بلاک عیدگاہ مسجدخدمت کمیٹی، صفا میڈی کیو اسپتال،آل انڈیا کیرلا مسلم کلچرل سنٹر، بنگلورو سنٹرل کمیٹی، شہاب تنگل سنٹر فار ہیومانٹی ان تمام ادارو ں کے اشتراک سے اس کووِڈ کیر سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس سنٹر کے قیام کے بارے میں آل انڈیا کیرلا مسلم کلچرل سنٹر، بنگلورو سنٹرل کمیٹی ذمہ دار نوشاد نے بتایا کہ بنگلورو میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں جس تیزی سے اضافہ ہو تا جا رہا ہے،ان حالات کو دیکھتے ہوئے انسانیت کو اس مہلک وائرس سے بچانے اور ضرورت مند مریضوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے یہ ایک چھوٹی سی شروعات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 38بستروں پر مشتمل اس کووِڈ کیر سنٹر میں بلا لحاظ مذہب تمام کا علاج بالکل مفت کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کووِڈ کیر سنٹرمیں 24گھنٹے طبی خدمات دستیاب رہیں گی۔ مریضو ں کو یہاں راست طور پر داخلہ نہیں دیا جائے گا بلکہ شہر کے ہسور روڈ پر واقع صفا میڈی کیور اسپتال کی طرف سے جن مریضوں کو ریفر کیا جا رہا ہے ان کا داخلہ اس سنٹر میں کیا جا رہا ہے۔ اس اسپتال میں کووِڈ ٹسٹ اور مریض کے لئے درکار طریقہ علاج کی نشاندہی کے بعد وہی علاج اس سنٹر میں فراہم کیا جائے گا۔نوشاد نے بتایا کہ انسانیت کی خدمت کے لئے شروع کئے گئے اس مرکز کو عید گاہ مسجد سے متصل کشادہ ہال میں قائم کیا گیا ہے، اس مرکز میں مریضوں کے ابتدائی علاج کے ساتھ ساتھ آکسیجن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے پور ے کرناٹک میں اس طرح کے مراکز قائم ہونے چاہئیں۔انسانیت کو اس وباء سے بچانے کے لئے مساجد کے دروازوں کو اگر تمام کے لئے کھولا جاتا ہے اور بلا لحاظ مذہب اگر سب کا علاج کیا جاتا ہے تو یہ یقیناً انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہو گی۔


Recent Post

Popular Links