کرناٹک میں کورونا ویکسین کیلئے بھی ہاہاکار مچی ہے ریاست کے اکثر شہروں میں لوگ حکومت پر برہم

RushdaInfotech May 13th 2021 urdu-news-paper
کرناٹک میں کورونا ویکسین کیلئے بھی ہاہاکار مچی ہے ریاست کے اکثر شہروں میں لوگ حکومت پر برہم

بنگلورو۔12/مئی(سالارنیوز) ریاست کرناٹک میں کووڈ ویکسین کا اسٹاک نہیں تھا۔اس کے باوجود سرکاری سطح پر یہ اعلان کردیا گیا کہ یکم مئی سے تمام سرکاری اسپتالوں اور بی بی ایم پی ہیلتھ سنٹروں میں 18تا 44برس کی عمر کے لوگوں کو مفت کورونا ویکسین لگایا جائے گا۔لیکن اب تک ویکسین لگانے کا باقاعدہ سلسلہ شروع نہیں ہوا ہے۔حالانکہ وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے یکم مئی ہی کو رسمی طور پر اس کا اجراء کردیاتھا۔ اجراء کے 12دنوں بعد بھی 18تا 44برس کی عمر کے لوگوں کو مفت ویکسین دینے کا سلسلہ ابھی شروع نہیں ہوا ہے۔جب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ ویکسین لینے سے جسم میں اینٹی باڈیز پیدا ہوں گے اور کورونا وائرس سے لڑنے میں مدد ملے گی، تب سے ریاست کے مختلف سرکاری اسپتالوں اور ہیلتھ سنٹروں کے لوگ چکر لگارہے ہیں اور دریافت کررہے ہیں کہ انہیں کب ویکسین لگایا جائے گا؟ لیکن کسی بھی سرکاری اسپتال میں یہ یقین سے کہا نہیں جارہا ہے کہ عام لوگوں کو کب مفت ویکسین لگایا جائے گا۔اس وجہ سے لوگ حکومت کرناٹک پر غصہ اور برہمی ظاہر کررہے ہیں۔جبکہ ہمیشہ کی طرح ریاستی وزیر برائے صحت ڈاکٹر سدھاکر اب بھی یہی دعویٰ کررہے ہیں کہ ریاست میں کووڈ مریضوں کے علاج کے لئے نہ ادویات کی کمی ہے نہ آکسیجن کی اور نہ ہی ویکسین کی قلت ہے۔اکثر کمزور اور درمیانی طبقات کے لوگ جنہوں نے اب تک کورونا ویکسین کا پہلا ڈوز بھی نہیں لیا ہے، صبح سویرے اس امید سے جاگتے ہیں کہ آج انہیں سرکاری اسپتال میں ویکسین مل جائے گا۔لیکن جب رابطہ کرنے پر انہیں پتہ چلتا ہے کہ فی الحال ویکسین دستیاب نہیں ہے تو مایوس اپنے گھروں کو لوٹ آتے ہیں۔تقریباً 12دنوں سے ان کی امیدوں کے ساتھ کھلواڑ ہورہا ہے۔ جب مرکز اور ریاست میں ویکسین دستیاب ہونے میں وقت لگے تو عجلت میں 18تا 44برس کی عمر کے لوگوں کو یکم مئی سے مفت ویکسین لگانے کا اعلان اور اجراء کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے عام لوگوں کے جذبات کو کیوں ٹھیس پہنچائی؟ مناسب تعداد میں ویکسین منگوانے کے بعد یہ اعلان کرنا چاہئے تھا۔ عام لوگ کورونا ویکسین کے لئے ہاہاکارمچا نہیں رہے ہیں بلکہ پوری ریاست کی صورتحال یہی ہے۔


Recent Post

Popular Links