الیکشن کمیشن کو تحلیل کرکے ممبروں کی تفتیش کی جائے کووڈپروٹوکول کی خلاف ورزی کرانے پرجوابدہ بنایاجائے:آنندشرما

RushdaInfotech May 4th 2021 urdu-news-paper
الیکشن کمیشن کو تحلیل کرکے ممبروں کی تفتیش کی جائے کووڈپروٹوکول کی خلاف ورزی کرانے پرجوابدہ بنایاجائے:آنندشرما

نئی دہلی،3مئی(ایجنسی)کانگریس کے سینئر رہنما آنند شرما نے پیرکے روزکہاہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن کو تحلیل کیا جانا چاہیے اور اس کے ممبروں کے اقدامات کی چھان بین کی جانی چاہیے کیونکہ اس نے مبینہ طور پر رائے دہندوں کے اعتماد کو دھوکہ دیاہے۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیاہے کہ سپریم کورٹ کی آئینی بنچ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنرز کی تقرریوں کیلئے اہلیت کافیصلہ کرے۔سابق مرکزی وزیر نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب ایک روز قبل ہی چار ریاستوں اور ایک مرکزی علاقہ کے اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آئے ہیں۔ممتابنرجی کی جیت کی اطلاع کے بعدپھرشکست کی اطلاع آنے لگی جس سے الیکشن کمیشن پرکئی طرح کے سوال کھڑے ہورہے ہیں۔اس کے علاوہ کووڈوباکے دورمیں آٹھ مرحلوں میں الیکشن کرانے پربھی وہ نشانے پرہے جب کہ تمل ناڈومیں ایک ہی مرحلہ میں الیکشن کرایاگیاہے۔شرما نے ایک بیان میں کہاہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن کو تحلیل کیاجاناچاہیے اور اس کے ممبروں کے اقدامات کی چھان بین کی جانی چاہیے۔ الیکشن کمیشن نے خود کو داغدار کیا ہے اورووٹرزکے اعتماد کو دھوکہ دیاہے۔انہوں نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کا آئینی بنچ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنرز کی تقرری کیلئے نمبر اور اہلیت کے بارے میں فیصلہ کرنے اور کمیشن کو منصفانہ اور آزادانہ انداز میں کام کرنے کیلئے رہنمااصول طے کرنے کا فیصلہ کرے۔کانگریس کے سینئر رہنمانے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 324 کے تحت دیئے گئے اختیارکی خلاف ورزی کی ہے۔


Recent Post

Popular Links