اسلام کے بارے میں جانتی ہوں کیونکہ میرے والد مسجد جایا کرتے تھے: پرینکا چوپڑا

RushdaInfotech March 21st 2021 urdu-news-paper
اسلام کے بارے میں جانتی ہوں کیونکہ میرے والد مسجد جایا کرتے تھے: پرینکا چوپڑا

نئی دہلی،20مارچ(ایجنسی)بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور ہالی ووڈ میں بھی قسمت آزمائی کر چکی پرینکا چوپڑا نے اسلام سے اپنی واقفیت کے بارے میں ایک انٹرویو کے دوران جانکاری دی۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے والد مسجد میں گلوکاری کیلئے جایا کرتے تھے، اس لیے مجھے اسلام کے بارے میں کئی باتیں معلوم ہیں۔ یہ بیان پرینکا چوپڑا نے امریکہ کی مشہور ٹی وی اینکر اوپرا ونفرے کے ساتھ انٹرویو کے دوران دیا۔دراصل اوپرا ونفرے نے پرینکا چوپڑا کا جو انٹرویو لیا ہے، وہ چند دنوں میں نشر ہونے والا ہے، لیکن اس سے پہلے اس انٹرویو کے کچھ حصے وائرل ہو رہے ہیں۔ اس میں پرینکا چوپڑا بتاتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ ہندوستان میں بچوں کی پرورش کس طرح ہوتی ہے اور مذہبی نظریات و جمہوری قدروں کا ان پر کس طرح اثر پڑتا ہے۔پرینکا چوپڑا اپنے بچپن کے بارے میں بتاتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کی زندگی پر ہندو، مسلم اور عیسائی، تینوں مذاہب کا اثر رہا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ہندو ہیں اور ہندو مذہب کے مطابق اپنے گھر کے مندر میں پوجا کرتی ہیں، لیکن ساتھ ہی وہ کانوینٹ میں پڑھی ہیں جہاں عیسائیوں والی دعا ہوتی تھی۔ علاوہ ازیں پرینکا چوپڑا نے یہ بھی بتایا کہ چونکہ ان کے والد مسجد میں گانے جایا کرتے تھے، اس لیے انھیں اسلام کے بارے میں بھی پتہ ہے۔پرینکا چوپڑا کو انٹرویو کے دوران یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ ان کے آنجہانی والد اشوک چوپڑا نے ہمیشہ انھیں سکھایا ہے کہ سبھی مذاہب کا راستہ ایک ہی ایشور تک جاتا ہے۔ وہ بتاتی ہیں کہ میں ہندو ہوں۔ میں پوجا کرتی ہوں۔ میرے گھر پر ایک مندر ہے۔ لیکن میں یقین کرتی ہوں کہ بڑی طاقت ہے اور میں اس پر یقین کرنا چاہتی ہوں۔


Recent Post

Popular Links