اوساکا دوسری مرتبہ آسٹریلیائی اوپن چمپئن بنیں

ملبورن،20فروری (یواین آئی) جاپان کی نااومی اوساکا نے سنیچر کو امریکہ کے جنیفر بروڈی کو مسلسل سیٹوں میں 6-4، 6-3سے شکست دے کر سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے ویمنز سنگلز ٹائٹل جیت لیا ہے۔ یہ اوساکا کا چوتھا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔23سالہ اوساکا نے دوسری مرتبہ آسٹریلیائی اوپن ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔اس سے قبل انہوں نے 2019 میں بھی آسٹریلیائی اوپن ٹائٹل جیتا تھا۔ اوساکا نے 2018اور2020میں یو ایس اوپن ٹائٹل جیتا تھا۔ تیسری سیڈ اوساکا نے 22ویں سیڈ بروڈی کو ایک گھنٹہ 17 منٹ میں شکست دی۔ میچ کے آغاز میں بروڈی کی جانب سے کچھ چیلنج ملنے کے بعد اوساکا نے پہلے سیٹ اور دوسرے سیٹ کے درمیان لگاتار چھ گیم جیت لیے۔ اوساکا نے دوسرے سیٹ میں 4-0کی برتری حاصل کرنے کے بعد امریکی کھلاڑی کو واپس آنے کا موقع نہیں دیا۔ اگرچہ بروڈی نے واپسی کرتے ہوئے اسکور 3-5کیا لیکن اوساکا نے صفر پر اپنی سروس برقرار رکھتے ہوئے میچ ختم کردیا۔ اس جیت کے ساتھ اوساکا نے اپنی جیت کا سلسلہ 21میچوں تک پہنچا دیا ہے۔اوساکا نے میچ میں بروڈی کی سروس کو چار مرتبہ توڑا اور دو بار اپنی سروس گنوائی۔ اوساکا نے میچ میں 16ونرس لگائے۔بروڈی نے میچ میں 15 ونرس لگائے لیکن چار ڈبل فالٹ نیز 31غیر ضروری غلطیوں کا ارتکاب کیا۔اوساکا کے ریکیٹ سے 24 غیرضروری غلطیاں ہوئیں۔ پہلی سروس پر اوساکا نے 73فیصد پوائنٹس حاصل کیے اور میچ کی ان کی پہلی سروس نے ہی سارا فرق پیدا کیا۔اوساکا نے یو ایس اوپن کے فائنل میں اپنے رول ماڈل امریکہ کی سرینا ولیمز کو شکست دے کر2018میں پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ انہوں نے2019آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پیٹرا کیویٹووا کو شکست دی تھی۔ انہوں نے 2020میں یو ایس اوپن کے فائنل میں وکٹوریہ آزارینکا کو شکست دی تھی۔