جو روٹ نے آسٹریلیا میں ملی جیت کا خمار اتار دیا

چنئی، 9 فروری (آئی این ایس)انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے اپنی ٹیم کی فتح میں بڑا کردار ادا کیا۔ٹیم انڈیا نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی اور ٹیم کے حوصلے ساتویں آسمان پر تھے، لیکن اس شکست سے ہندوستانی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا۔ انگلینڈ کی ٹیم کی فتح میں تمام کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا، لیکن اس میں کپتان جو روٹ کا کردار سرفہرست رہا۔ اگر جو روٹ پہلی اننگز میں 218 رنز نہ بناتے تو کہانی مختلف ہوتی۔جو روٹ نے ہندوستان کے خلاف پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اسکور کی اور انگلینڈ کی ٹیم نے 578 رنز کا بڑا اسکور بنایا اور اس سے ٹیم کی فتح کی راہ ہموار ہوگئی۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا نے پہلی اننگز میں 337 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 241 رنز کی نمایاں برتری حاصل ہوئی۔ اس کے بعد انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 178 رنز بنائے اور جو روٹ نے 40 رنز بنائے۔ اس کے بعد انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 420 رنز کا ہدف ٹیم انڈیا کو دیا اور اس کے بعد انگلینڈ کے گیندبازوں نے 192 رنز پر ہندوستانی ٹیم کو ڈھیر کردیا اور میچ 227 رنز سے جیت لیا۔جو روٹ نے ٹسٹ کپتان کی حیثیت سے اپنا 26 واں میچ جیتا اور انہوں نے مائیکل وان کی برابری کی۔ انگلینڈ کے لئے بطور ٹسٹ کپتان سب سے زیادہ میچ جیتنے والے کھلاڑی مائیکل وان تھے اور اب جو روٹ ان کی برابری پر آگئے ہیں۔ روٹ اور وان دونوں کے پاس 26 ٹسٹ میچ جیتنے کا ریکارڈ اپنے نام ہے۔ دوسرے میچ میں جیت درج کرنے کے بعد جو روٹ انگلش ٹیم کے لئے سب سے زیادہ ٹسٹ میچ جیتنے والے کپتان بن جائیں گے۔