پاکستان کو جنوبی افریقہ پر 200 رنز کی برتری

راولپنڈی۔6 فروری(یواین آئی) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ میں پاکستان کو جنوبی افریقہ پر 200 رنز کی سبقت حاصل ہے۔تیسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 51 اوورز کے بعد چھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے ہیں، اور اس وقت کریز پر محمد رضوان اور حسن علی موجود ہیں۔پاکستانی ٹاپ آرڈر میں کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز نہ کھیل سکا۔ اظہر علی نے اپنے 33 رنز کے ساتھ مزاحمت دکھائی۔ جنوبی افریقی بولرز میں سے جارج لنڈے نے تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔پاکستان کو ٹسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔پاکستان کو پہلا نقصان عمران بٹ کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ دوسری وکٹ عابد علی کی گری جو کیشو مہاراج نے حاصل کی۔عمران بٹ اور عابد علی کی جوڑی اس سیریز کے دوران خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا پائے۔ عمران بٹ نے چار اننگز میں 35 رنز بنائے، جبکہ عابد علی نے 33 رنز بنائے۔اوپنرز کے پویلین لوٹنے کے بعد بابر بھی چائے کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر لیفٹ آرم آف سپنر کیشو مہاراج کی بولنگ پر ایک مرتبہ پھر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ انھوں نے آٹھ رنز بنائے۔ یہ اس سیریز میں تیسرا موقع ہے جب بابر اعظم مہاراج سے آؤٹ ہوئے ہیں۔اظہر علی کافی دیر تک جنوبی افریقی بولرز کے سامنے ڈٹے رہے، تاہم وہ بھی 33 رنز بنانے کے لیفٹ آرم آف سپنر، جارج لنڈے کا شکار بنے۔ جبکہ سپنر جارج لنڈے کی گیند پر فواد عالم اور فہیم اشرف کیچ آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے جانب سے حسن علی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے پرانی گیند سے ریورس سوئنگ کے ذریعے وکٹیں حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی سبقت کم کرنے کی تمام کوششیں ناکام بنائیں۔اس سے قبل، پاکستان کو تیسرے دن کے آغاز میں ہی ڈی کاک کی وکٹ کی شکل میں ایک اہم کامیابی حاصل ہوئی تھی جس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم نے محتاط انداز اپنا لیا تھا۔ڈی کاک نے صرف 20 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیمبا باووما اور ویان ملڈر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو آغاز میں نقصان کے بعد سنبھالا دیا۔دونوں بلے بازوں کے درمیان 49 رنز کی شراکت قائم ہوئی ہی تھی کہ ہچھلے ٹسٹ میچ کی طرح اس مرتبہ بھی جنوبی افریقہ کی ٹیم رن آؤٹ کروا بیٹھی۔ شاہین آفریدی کی تھرڈ مین باؤنڈری سے عمدہ تھرو کے نتیجے میں ویان ملڈر آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رنز بنائے۔کچھ ہی اوورز کے بعد جارج لنڈے بھی حسن علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ کھانے کے وقفے کے بعد حسن علی نے پرانی گیند سے ریورس سوئنگ کا خوب فائدہ اٹھایا اور کیشو مہاراج کو بھی بولڈ کر کے چوتھی وکٹ حاصل کی۔اس کے بعد عابد علی کی عمدہ تھرو نے ربادا کی اننگز تمام کی اور اگلے ہی اوور میں حسن علی نے نورکیا کو بولڈ کر کے جنوبی افریقہ کو 201 رنز پر آل آؤٹ کر دیا-