ہندوستان نے برسبین میں 2-1سے سیریزجیت کر تاریخ رقم کی

برسبین، 19جنوری (یو این آئی) سلامی بلے باز شبھ من گل (91)، ٹیم انڈیا کے وال چتیشور پجارا (56) اورماہر وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ89) کی تباہ کن بلے بازی سے ہندوستان نے آسٹریلیا کو برسبین کے باگا گراؤنڈ پرآسٹریلیا کو چوتھے اور آخری کرکٹ ٹسٹ کے پانچویں دن منگل کو تین وکٹ سے شکست فاش دے کرنئی تاریخ رقم کی۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے برسبین میں ٹسٹ میچ جیتا اور چار میچوں کی سیریز2-1سے اپنے نام کی۔یہ میچ جیتنے کے لئے ہندوستان کو328رن درکار تھے۔ ہندوستان نے جب صبح بغیر وکٹ گنوائے چار رنوں سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا توکسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ہندوستان چوتھی اننگز میں اتنے مشکل ہدف کو حاصل کرسکے گا۔ بالآخر ہندوستانی بلے بازوں نے اس قدر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کا ملک کے لوگوں کو انتظار تھا۔ ہندوستان نے 97اوور میں سات وکٹ پر329رن بناکر تاریخ درج کی۔ہندوستان کی گابا میدان میں سات ٹسٹ میچوں میں یہ پہلی جیت ہے۔ ہندوستان نے اس میدان پراپنے گزشتہ چھ ٹسٹ میچوں میں پانچ ہارے تھے اور ایک ڈرا کھیلا تھا۔ گابا میدان میں ہندوستان کی تاریخی فتح کے تین بڑے ہیرو تھے۔ شبھمن، پجارا اور پنت نے میچ کے آخری دن ایسی بلے بازی کی جسے طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔شبھمن نے 146 گیندوں میں آٹھ چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے91رنوں کی جارحانہ اننگز کھیلی جس نے ہندوستان کو فتح کی بنیادبنادیا۔ پجارا نے 211گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 56 رن بنائے۔ پجارا کی اس اننگزز نے ٹیم انڈیا کو مضبوطی فراہم کی اور پنت نے138گیندوں میں نو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے89رن بنائے اور میچ میں ہندوستان کی فتح پر مہر لگادی۔ کپتان اجنکیا رہانے نے 24، مینک اگروال نے نو اور واشنگٹن سندر نے29گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 22رن بنائے۔ آسٹریلیا اپنی شاندار گیند بازی کے باوجود ٹیم انڈیا کے حوصلوں کو پست نہیں کرپایا اور ہندوستان نے1۔2کی فتح کے ساتھ آسٹریلیائی دورے کا خاتمہ کیا۔ ہندوستان نے اس دورے میں ون ڈے سیریز 2۔1سے ہاری تھی لیکن دوبارہ واپسی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز 1۔2 سے اور ٹسٹ سیریز 1۔2 سے جیت لی۔گابا میدان میں سات ٹسٹ میچوں میں ہندوستان کی یہ پہلی فتح ہے۔ ہندوستان کو اس میدان پر اپنے گزشتہ چھ ٹسٹ میچوں میں پانچ میں شکست ملی تھی اور ایک ڈرا کھیلا تھا۔ ہندوستان نے چار میچوں کی اس سیریز میں ایڈلیڈمیں کھلے گئے پہلے دن رات میچ میں دوسری اننگز میں 36رنوں کے اپنی تاریخ کے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہوکر آٹھ وکٹوں سے شکست کھائی تھی۔ لیکن ٹیم انڈیا نے اجنکیا رہانے کی کپتانی میں ملبورن میں باکسنگ ڈے ٹسٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے آٹھ وکٹ سے جیت حاصل کی اور سریز1-1کی برابری پر لاکھڑا کیا۔سڈنی میں تیسرے ٹسٹ کے پانچویں دن جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹسٹ ڈرا کرایا اور برسبین میں پانچویں اور آخری دن تاریخی فتح اپنے نام کرلی۔ ہندوستان کی ٹسٹ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کی سرزمین پر مسلسل دو ٹسٹ سریز میں جیت حاصل کی ہے۔آسٹریلیا نے اس مقابلے کی پہلی اننگز میں 369رن بنائے تھے جب کہ ہندوستان شاردل ٹھاکر اور واشنگٹن سندر کی نصف سنچری سے پہلی اننگز میں 336رن بنائے تھے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 33رن کی سبقت حاصل کی تھی۔ ہندوستان نے تیز گیند باز محمد سراج کے پانچ وکٹوں کی بدولت آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں 294رن پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان کو جیت کے لئے 328رنوں کا ہدف ملا تھا جو اس نے پانچویں اور آخری دن اپنی شاندار بلے بازی سے حاصل کرلیا۔ ہندوستان نے حالاں کہ صبح روہت شرما کا وکٹ جلد ہی گنوا دیا لیکن بعد ازاں بلے بازوں نے جس فہم و فراست اور سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا اور آخری اووروں میں جیت حاصل کی، وہ قابل تحسین ہے۔ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں برسبین کی یہ جیت ایک تاریخی لمحہ ہے جو ہمیشہ کے لئے سنہری حروف میں درج ہوگیا ہے۔کئی کھلاڑیوں کے زخمی ہونے اوراس فیصلہ کن معرکہ آرا ئی میں نووارد کھلاڑیوں کے بل بوتے پر رہانے کی فوج نے وہ کارنامہ انجام دیا جو ج تک کوئی بھی ہندوستانی کپتان نہیں کرپایا۔