جوہی چاولہ، عامر خان سے کیوں ناراض ہوئیں؟

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور اُن کے مد مقابل بلاک بسٹر فلم ’قیامت سے قیامت‘ تک میں اداکاری کرنے والی نامور اداکارہ جوہی چاولہ کے درمیان فلم ’عشق‘ کی شوٹنگ کے دوران بات چیت بند ہوگئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی سوپر ہٹ فلم ’عشق‘ کی ریلیز کو 28 نومبر کو 23 سال مکمل ہوئے ہیں،فلم عشق کی کاسٹ میں عامر خان اور جوہی چاولہ کے علاوہ اجے دیوگن اور کاجول نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔عامر خان اور جوہی چاولہ نے ایک ساتھ بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ 1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘عامر خان اور جوہی چاولہ کی پہلی بالی ووڈ فلم تھی اور اپنی پہلی فلم سے ان دونوں نے ہنگامہ مچا دیا تھا۔ اس کے بعد بھی یہ جوڑی کئی فلموں میں نظر آئی۔فلم عشق کی ریلیز کو 23 سال مکمل ہونے کے موقع پر اداکارہ جوہی چاولہ نے انکشاف کیا ہے کہ عشق کی شوٹنگ کے دوران عامر خان نے اْن کے ساتھ ایک ایسا مذاق کیا تھا کہ جس کے بعد انہوں نے سالوں عامر خان سے بات نہیں کی اور نہ ہی وہ دونوں ایک ساتھ کسی فلم میں نظر آئے۔اداکارہ نے بتایا کہ جب فلم ’عشق‘ کی شوٹنگ چل رہی تھی تو سیٹ پر عامر خان نے جوہی چاولہ کا ہاتھ مانگا اور کہا کہ انہیں ہاتھ دیکھنا آتا ہے، اس پر جوہی چاولہ نے اپنا ہاتھ دکھانے کے لیے عامر خان کے سامنے اپنا ہاتھ پھیلا دیا، عامر خان نے جوہی چاولہ کا ہاتھ دیکھنے کے بجائے اُن کے ہاتھ پر تھوک دیا۔مسٹر پرفیکشنسٹ کی اس حرکت پر جوہی چاولہ کو بے حد غصہ آیا اور وہ اْن سے ناراض ہوگئیں اور نا صرف ناراض ہوئیں بلکہ انہوں نے برسوں عامر خان سے بات چیت بند رکھی۔جوہی چاولہ نے مزید بتایا کہ عامر خان کی اس حرکت کے بعد وہ فلم تک چھوڑنے کے لیے تیار ہوگئی تھیں لیکن پھر سب کے بے حد اصرار کے بعد انہوں نے کسی طرح فلم مکمل کی۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں ایک دوسرے سے بالکل الگ رہتے تھے اور یہ سلسلہ تقریباً 5 سال تک جاری رہا۔عامر خان اور جوہی چاولہ نے 5 سال تک ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کی لیکن پھر بعد میں چیزیں آہستہ آہستہ بہتر ہوئیں اور دونوں کے درمیان بات چیت شروع ہوئی لیکن اس کے بعد دونوں پھر کبھی کسی فلم میں ساتھ نظر نہیں آئے۔