تیسرے ون ڈے میں ٹنڈولکر کا سب سے بڑا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں ویراٹ کوہلی

نئی دہلی،یکم دسمبر(آئی این ایس) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے بیٹنگ میں بہت سے ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں 22 ہزار رن مکمل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اب تیسرے ون ڈے میں کوہلی کے سامنے عظیم کھلاڑی سچن تندولکرکے ون ڈے کاسب سے بڑا ریکارڈ سامنے ہوگا۔ کوہلی 23 رن بنانے کے ساتھ ہی سچن کا یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیں گے۔جب ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف کینبرا میں سیریز کا آخری میچ کھیلے گی تو ہندوستانی ٹیم کی نظراپنے وقار کو بچانے پر ہوگی۔ ٹیم انڈیا پہلے دو ون ڈے میچوں میں شکست کے بعد سیریز ہار چکی ہے اور اب آخری میچ میں فتح کے ساتھ ہی ٹیم اپنی عزت کو بچا سکتی ہے۔ اس میچ میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی ون ڈے میں سب سے تیز 12 ہزار رن بنانے والے بلے باز بن سکتے ہیں۔ وہ ہم وطن سچن کو اس معاملے میں پیچھے چھوڑ دیں گے۔اگر کوہلی تیسرے ون ڈے میں 23 رن بناتے ہیں تو وہ 12 ہزار ون ڈے رن بنانے والے سب سے تیز بلے باز بن جائیں گے۔ یہ ریکارڈ سچن کے نام درج ہے۔ اس عظیم بلے باز نے 309 میچ کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ کوہلی نے اب تک صرف 250 ون ڈے میچ کھیلے ہیں اور وہ اس بڑے ریکارڈ کے بہت قریب ہیں۔ اب تک وہ 241 اننگز میں 59.29 کی اوسط سے مجموعی طور پر 11977 رن بنا چکے ہیں۔ اس سے قبل پانچ ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے ون ڈے میں 12 ہزار رن کا ہندسہ عبور کیا ہے۔