سنجے دت کینسر سے شفایاب

ممبئی-21/اکتوبر(ایجنسی) بالی و وڈ کے ’سنجو بابا‘ یعنی سنجے دت نے کینسر کے خلاف جنگ جیت لی ہے- ٹوئٹر پر اپنی شفایابی کا اعلان کرتے ہوئے سنجے دت نے کہا کہ اس خبر کا اشتراک کرتے ہوئے ان کا دل ممنونیت سے بھر گیا ہے- انہوں نے اپنے مداحوں کو ان کی محبت اور دعاؤں کے لئے شکریہ کہا ہے-سنجے دت نے ٹوئٹر پر لکھاکہ پچھلے کچھ ہفتے میرے اور میرے اہل خانہ کیلئے بہت مشکل کے تھے- لیکن جیسا کہا جاتا ہے کہ خدا اپنے سب سے مضبوط سپاہی کو سب سے مشکل جنگ سے دو چار کرتا ہے- اپنے بچے کی سالگرہ کے موقع پر مجھے خوشی ہے کہ میں نے جنگ جیت لی ہے اور آج میں سب سے بہترین تحفہ دینے کے قابل ہوں -سوپر اسٹار سنجے دت نے مزید کہا کہ یہ جنگ آپ کے تعاون اور اعتماد کے بغیر ممکن نہیں تھی- میں پورے دل سے اپنے کنبہ، دوستوں اور تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو میرے لئے تحریک کا باعث رہے اور میرے ساتھ کھڑے ہوئے- آپ کی لازوال محبت اور دعاؤں کا شکریہ-