سائنس کیلئے جاری ہو گا’ سمپورن پورٹل‘

نئی دہلی:10 ؍جون( یو این آئی ) حکومت سائنس پر ایک’سمپورن پورٹل‘ لانچ کرنے والی ہے ۔ جس پر مختلف تعلیمی وظیفے ، منصوبے ، ملک اور بیرون ممالک میں ہو رہے سائنسی تحقیق اور فیلوشپ وغیرہ سے متعلق ایک ہی مقام پر اطلاع مل سکے گی ۔سائنس اورٹکنا لوجی شعبہ کے سکریٹری آشوتوش شرما نے بتایا کہ یہ پورٹل ہندوستان میں سائنس اورٹکنا لوجی کی مکمل تصویر ہوگی ۔ اس کے ذریعہ ملک میں سائنس اورٹکنالوجی سے متعلق تمام اطلاعات فراہم ہونگی۔ مثال کے طور پر گاؤں میں بیٹھا ہوا طالب علم بھی یہ جان سکے گا کہ سرکار یا پرائیوٹ سیکٹر کی جانب سے سائنس کی پڑھائی کرنے والوں کے لئے وظیفہ ، فیلو شپ یا دیگر کون کون سی اسکیمیں ہیں ۔ وہیں سائنسداں اور سائنس میں رغبت رکھنے والے دوسرے ملک کی کسی بھی لیباریٹری میں ریسرچ کے بارے میں اطلاع حاصل کر سکیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تعلیمی پورٹل نہیں ہوگا لیکن سائنس کے کسی بھی سبجیکٹ کے متعلق جاننے کے خواہش مند افراد سرچ میں اپنا سبجیکٹ ڈال کر اس کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے ۔ یہ 360 ڈگری پورٹل ہوگا جس پر سائنس اور ٹکنالوجی سے متعلق تمام معلومات فراہم ہونگی ۔ اسکول کالج کے طلبا ، پی ایچ ڈی کے طلبا اور سائنسدانوں سبھی کے لئے کچھ نہ کچھ دستیاب ہوگا ۔ اس کا مقصد سبھی کو جوڑنا ہے ۔مسٹر شرما نے بتایا کہ اس پورٹل پر ملک میں سائنس اورٹکنا لوجی کے میدان میں ہونے والے کاموں کے علاوہ غیر ممالک میں ہونے والے کاموں کے متعلق بھی معلومات فراہم ہوں گی ۔ سائنس سے متعلق سمیناروں اور سمپوزیموں وغیرہ کے بارے میں اطلاعات موجودہوں گی ۔انہوں نے بتایاکہ یہ پورٹل تیار ہو چکا ہے ۔ صرف رسمی طور پر اس کے لانچنگ کا انتظار ہے ۔ ابھی وزارت سائنس اورٹکنالوجی کے تحت اس میں سائنس اورٹکنا لوجی شعبہ ، سائنس اورٹکنالوجی ریسرچ کونسل اور حیاتیاتی ٹکنالوجی کے شعبے آتے ہیں ۔ جن کے تحت الگ الگ لیباریٹریاں اور ان کے الگ الگ پورٹل ہیں ۔’سمپورن پورٹل‘ پر سرکاری لیباریٹریوں کے علاوہ پرائیوٹ لیباریٹریوں کو بھی جوڑنے کا منصوبہ ہے ۔اس کے علاوہ سائنس اور ٹکنا لوجی پر ایک آن لائن ڈیجیٹل ٹی وی شروع کرنے کی سمت میں بھی کام جاری ہے ۔ یہ ایک گھنٹہ کا پروگرام ہوگا جو آن لائن چینل کے علاوہ ٹیلی ویژن کے تمام قومی چینل پر بھی نشر کیا جائے گا ۔ اس پر سائنس سے متعلق تمام کارروائیوں کی معلومات فراہم ہوں گی ۔ اس کے علاوہ سوال و جواب کے مقابلے وغیرہ کے ذریعہ سے سائنس کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی پیدا کرنے کا کام بھی لیا جائے گا ۔