دنیا کے طویل ترین ہوائی جہاز کی تیاری

RushdaInfotech March 25th 2017 p-8
دنیا کے طویل ترین ہوائی جہاز کی تیاری

برطانیہ میں ایک کمپنی دنیا کے طویل ترین ایئر شپ یعنی ہوائی جہاز بنانے کے ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے۔یہ ہوائی جہاز پہلے امریکی فوج کے لیے بنانے کا منصوبہ تھا اور اس کی ایک تجرباتی پرواز بھی ہوئی تھی، مگر پھر اسے بجٹ میں کٹوتیوں کے باعث چار مہینے کے بعد ہی روک دیا گیا تھا۔اب اس عظیم ہوائی جہاز کے منصوبے کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے اور ایک برطانوی کمپنی اب اسے فوجی مقاصد کی بجائے مسافروں اور سامان لے جانے کے لیے بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ طیارہ ہیلیم گیس کی مدد سے اڑے گا۔اس منصوبے کو جس کا نام ’ہائبرڈ ایئر وہیکل‘ ہے کے ڈائریکٹر نِک ایلمین نے بتایا کہ ’ہم اس ہوائی جہاز کو برطانیہ لائے تھے تاکہ دنیا کو دکھا سکیں کہ یہ کیا کچھ کر سکتا ہے۔‘نک نے بتایا کہ اس ہوائی جہاز کو ہمیں امریکہ سے 14 بڑے ڈبوں میں کھول کر علیحدہ علیحدہ لانا پڑا اور اب ہمیں کچھ وقت لگے گا ان سب ٹکڑوں کو جوڑ کر ایک شکل دینے میں جس کے بعد اس سال کے آخر میں ہم اسے اس ہینگر کے اندر ہی ٹیسٹ سے گزاریں گے اور پھر اسے سال کے آخر ہی میں منظرِ عام پر لائیں گے۔اب موجودہ حالت میں یہ دو سے تین ہوائی جہازوں یا ایئر شپس کے برابر ہے جس کی لمبائی 91 میٹر، اونچائی 26 میٹر اور چوڑائی 34 میٹر تک ہے اور اس جہاز کا کل رقبہ 38 ہزار مربع فٹ ہے۔اس منصوبے پر کام کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ ہوائی جہاز ایک طیارے، ہیلی کاپٹر اور ہوور کرافٹ کی مشرکہ خوبیوں والا ہو گا جس پر بھاری سازوسامان طویل فاصلوں تک لایا اور لیجایا جا سکے گا بغیر اس ضرورت کے کہ ہر جگہ اس کے اترنے کی سہولیات موجود ہیں یا نہیں۔اس ہوائی جہاز کے ایک دن کی پرواز کے لیے 3100 لیٹر ایندھن درکار ہوگا جبکہ موجودہ حالت میں یہ ہوائی جہاز 1225 کلوگرام وزن لیجا سکے گا اور 21 دن تک پرواز کر سکتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 80 ناٹس ہے۔اس ہوائی جہاز کے بعد بڑے حجم کے جہاز کی تیاری کا منصوبہ زیرغور ہے جو موجودہ جہاز کے پانچ ٹن تک وزن کی نسبت 50 ٹن تک وزن لیجا سکے گا اور 400 فٹ لمبا ہو گا۔اس ہائبرڈ ہوائی جہاز کو انگلینڈ میں بیڈ فورڈ شائر میں ایک بڑے ہینگر میں تیار کیا جا رہا ہے جہاں ابتدائی دور کے ائیر شپس یا ہوائی جہاز تیار ہوتے تھے۔یاد رہے کہ اس وقت دنیا کا طویل ترین کمرشیل طیارہ یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کا A340۔600 ہے۔


Recent Post

Popular Links