صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے دسہرہ تقریبات کا افتتاح کیا

RushdaInfotech September 27th 2022 urdu-news-paper
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے دسہرہ تقریبات کا افتتاح کیا

میسور:26ستمبر (نامہ نگار) دوماہ کی تیاریوں کے بعد آج بروز پیر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے میسور کے چامنڈی پہاڑ پر دس روزہ دسہرہ تقریبات کا چامنڈیشوری دیوی کی مورتی پر پھول نچھاور کرکے افتتاح کیا۔ پہلے صدر جمہوریہ نے چامنڈیشوری دیوی کے درشن کئے اور اس مندر کی تاریخ کے تعلق سے تفصیل سے جانکاری حاصل کی۔ مہورت کے تحت چامنڈی پہاڑ پر دسہرہ تقریبات کے افتتاح کیلئے صبح9.45بجے اور صبح 10.05بجے کا وقت طے تھا لیکن صدر جمہوریہ نے چار منٹوں کی تاخیر سے دسہرہ تقریبات کا افتتاح کیا۔جب صدر جمہوریہ تقریبات کے افتتاح کیلئے اسٹیج پر پہنچیں، محکمہ پولیس کی بیانڈ سے قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ ریاستی گورنر تھاور چند گہلوٹ، وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی، مرکزی وزراء کماری شوبھا کارندلاجے،پرہلاد جوشی، ایس ٹی سوم شیکھر، ریاستی وزیر برائے کنڑا اینڈ کلچر وی سنیل کمار اس موقع پر موجود تھے، صدر جمہوریہ منتخب ہونے کے بعد شریمتی دروپدی کا ریاست کرناٹک کا یہ پہلا دورہ ہے۔ دسہرہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صدر جمہوریہ دسہرہ تقریبات کا افتتاح کررہی ہیں۔ راشٹر پتی بھون سے منظور شدہ پروگرام کے تحت اسٹیج پر صرف 13معزز شخصیات کو موجود رہنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن بعد میں اس تعداد کو صرف 7تک محدود کردیاگیا جس کی وجہ سے کئی معزز زشخصیات کواسٹیج کے روبرو صوفے پر بیٹھنا پڑا۔ گزشتہ دو برسوں سے کووڈکی وجہ سے دسہرہ تقریبات کو صرف شاہی محل کے احاطے تک ہی محدود رکھا گیا تھا۔گزشتہ ہفتہ اور اتوار کو ہی سیاحوں کی کافی تعداد میسور پہنچ کر لطف اندوز ہوئی۔ تقریبات کے افتتاح کے موقع پر عوام کیلئے چامنڈی پہاڑ کو بند کردیا گیا تھاجسے صدر جمہوریہ کی واپسی کے بعد کھول دیا گیا۔ دہلی سے ایک خصوصی طیارے کے ذریعہ صدر جمہوریہ میسور کے منڈکلی ائیر پورٹ پہنچی تھیں۔ افتتاح کے بعد دھارواڑ کیلئے اسی طیارے سے روانہ ہوگئیں۔


Recent Post

Popular Links