بی جے پی کو عوامی مفاد سے زیادہ اقتدار کا لالچ: ڈی کے شیوکمار

RushdaInfotech August 13th 2022 urdu-news-paper
بی جے پی کو عوامی مفاد سے زیادہ اقتدار کا لالچ: ڈی کے شیوکمار

مالور:12/ اگست (عظمت اللہ خان) کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاستی بی جے پی حکومت میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کا معاملہ دوبارہ شروع ہوا ہے جو اس حکومت کے بدعنوان نظام کی نشانی ہے۔ تعلقہ کے ماستی میں رکن اسمبلی کے وائی ننجے گوڈا کی قیادت میں بلاک کانگریس کی جانب سے منعقد عام اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے شیوکمار نے اس خیال کااظہار کیا۔ انہو ں نے بتایا کہ آپریشن کنول کے ذریعہ دوسری پارٹیوں کے اراکین اسمبلی کو رقم اور اقتدار کا لالچ دے کر بی جے پی نے حکومت قائم کی اور کانگریس کی جانب سے جاری عوام نواز اسکیموں کو بند کیا گیا۔وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کو بی جے پی نے ہی اقتدار سے بے دخل کیا اور بسوراج بومئی کو ذمہ داری سونپی اور اب بومئی کو بھی تبدیل کرنے کی کوشش شروع ہوچکی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی کو عوام نواز انتظامیہ سے زیادہ اقتدار کا لالچ اہم ہے۔ کسی بھی آبپاشی شعبہ میں کولار ضلع کو آج تک شامل نہیں کیا گیا۔ اگر کانگریس برسراقتدار آئی تو ضلع کو کرشنا یا کاویری آبپاشی شعبہ میں شامل کرکے بے روزگاری پر قابو پانے منصوبہ مرتب کرکے منشور میں شامل کیا جائے گا۔ضلع میں زیر زمین آبی سطح میں اضافہ کیلئے آبپاشی منصوبہ مرتب کرکے برسراقتدار آنے کے بعد فوری جاری کیا جائے گا اور بے روزگاری دور کرنے صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ شیوکمار نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں کانگریس پارٹی کی قربانیوں کی بدولت آج ہم 75واں جشن آزادی منارہے ہیں اور ان کی قربانیوں کے تعلق سے عوام کو جانکاری فراہم کرنے پارٹی کی جانب سے پدیاترا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کووِڈ کے موقع پر شدید بحران کا سامنا کرنے والے مزدور کش طبقات، سویتا سماج، درزی، دھوبی، مڈیوال ودیگر کو مرکزی حکومت کی جانب سے 20ہزار کروڑ کا خصوصی گرانٹ جاری کیاگیا تھا لیکن ریاستی بی جے پی حکومت کی جانب سے اہل مستفیدین میں تقسیم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے یہ رقم بی جے پی رہنماؤں کے کھاتے میں گئی ہے۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری ابھیشیک دت،رکن اسمبلی ننجے گوڈا اور سابق رکن اسمبلی ناگراجو نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام میں بلاک کانگریس صدر وجئے نرسمہا، مدھو سودھن، یوا کانگریس صدر ماستی چیتن، تنویر، ڈی سی سی جنرل سکریٹری نتے ہلی نارائن سوامی، رتنما ودیگرحاضر رہے۔


Recent Post

Popular Links