ملک کے آئین کی حفاظت صرف کانگریس کرسکتی ہے۔ سدارامیا

RushdaInfotech August 13th 2022 urdu-news-paper
ملک کے آئین کی حفاظت صرف کانگریس کرسکتی ہے۔ سدارامیا

چکبالاپور:12/ اگست (نامہ نگار) کانگریس پارٹی کے بزرگوں نے اس ملک کو آزادی دلائی۔آزادی اور دستور کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے،اس ملک کی مالی حالت کو کمزور کررہی مرکزی اور ریاست کی بی جے پی حکومت کو نکال پھینکنے کیلئے امرت مہوتسوا کے دن ہم سب کو قسم کھانی چاہئے۔یہ بات اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ضلع کے گوری بدنور کے ودراشوتر میں امرت مہوتسوا پدیاترا کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں جمہوریت اور دستور کی حفاظت ناممکن ہے۔اگر دستور نہیں بچ سکا تو ہم سبھی بچ نہیں پائیں گے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکرکے دستور کی حفاظت صرف کانگریس ہی کرسکتی ہے،اندرا گاندھی نے اپنے دور اقتدار میں غریبوں کو بینکوں سے فائدہ حاصل کرنے کا راستہ ہموار کیا تھا مگرموجودہ حکومت ان بینکوں کی نجکاری میں لگی ہے۔ مودی کے دور میں ہمارا ملک محفوظ نہیں ہے،عام لوگوں کو زندگی گذارنا بھی مشکل ہورہا ہے،کھاد کی قلت ہورہی ہے، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ سے ہر ایک فرد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مودی نے کالا دھن لانے کی بات کہی تھی مگر اب تک ایک روپیہ بھی نہیں آیا۔مودی نے اقتدار کیلئے جو جو بھی وعدے کئے تھے وہ سبھی جھوٹے ثابت ہورہے ہیں۔اگر ریاست میں کانگریس حکومت اقتدار پر آتی ہے تو غریبوں کو 10 کے جی چاول مفت دیا جائے گا۔مرکزی وریاستی حکومتوں نے قانون میں تبدیلی لاکر مالداروں کو زمین خریدنے کا موقع فراہم کیا ہے۔40فیصد کمیشن لینے والی یہ حکومت کس حد تک عوام کی بھلائی کے کام کرے گی۔اس لئے ضرورت ہے کہ ایسی عوام مخالف حکومت کو نکال پھینکنے کی کوشش کیلئے ہم سب کمر بستہ ہونا چاہئے۔ اس موقع پر ودھان پریشد میں اپوزیشن لیڈر بی کے ہری پرساد،کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار، سابق وزیر و ڈپٹی اسپیکر و مقامی رکن اسمبلی شیوشنکر ریڈی،سابق وزیر اعلیٰ ایم،ویرپا موئیلی،ضلع انچارج و سابق رکن اسمبلی اگرپا،ایم ایل ایز سبا ریڈی،وی منی اپا،سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم سی سدھاکر،این سمپنگی ودیگر حاضر رہے۔


Recent Post

Popular Links