سلم علاقوں کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے:سومنا

RushdaInfotech July 4th 2022 urdu-news-paper
سلم علاقوں کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے:سومنا

چامراج نگر:3جولائی (سالارنیوز)ضلع میں موجود تمام سلم علاقوں اور صفائی کرمچاریوں کی کالونیوں کی ترقی کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔یہ تیقن ریاستی وزیر برائے امکنہ وضلع نگران کار وی سومنانے دیا۔انہوں نے یہاں شہر کے ستی روڈ پر واقع سرکاری جونیئر کالج میدان میں گزشتہ روز محکمہ امکنہ،کرناٹک سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہ چامراج نگر اسمبلی حلقہ میں شامل کری ننجاپور ہ میں واقع صفائی کرمچاریوں کی کالونی کے مکینوں میں حق پترا تقسیم کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ ضلع میں جملہ 21سلم علاقے ہیں، جن میں سے 3سرکاری زمین پرہیں۔بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے مقصد سے ریاست میں 24ہزار کنبوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور انہیں مکان تعمیر کرکے دئے جارہے ہیں۔ضلع کے بقیہ سلم علاقوں میں بھی آئندہ دنوں پینے کے پانی،پکی سڑکیں اوریوجی ڈی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ گھر اور سائٹ سے محروم کنبوں کو چھت فراہم کی جائے گی۔ کسانوں اور گندگی ڈھونے والوں سمیت دیگر کے تعلق سے اجلاس طلب کیاجائے گا۔صفائی کرمچاریوں کے مسائل کا حل ڈھونڈ نکالنے کے بارے میں بھی تبادلہئ خیال کیاجائے گا۔انہوں نے مزید بتایاکہ کری ننجا پورکے 88مستحقین کو یہاں حق پتر فراہم کئے جارہے ہیں،خواتین کے نام ہی سے حق پترا دئے جائیں گے۔خواتین پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنی جائیدادکی حفاظت کریں گی۔آج بھی صفائی کرمچاری چھوٹی سی جگہ میں تین چار کنبے زندگی بسر کررہے ہیں،جو نہایت افسوس ناک ہے۔وزیر موصوف نے کہاکہ بروہت بنگلور مہانگر پالیکے کی حدود میں شامل سرکاری زمین پر قیام کئے ہوئے صفائی کرمچاریوں کیلئے گھر تعمیر کرنے حکومت کی طرف سے اقداما ت کئے گئے ہیں،صفائی کرمچاریوں کو بھی سماج کے اہم قومی دھارے میں لانے کیلئے کے مقصد سے حکومت نے کئی منصوبے جاری کئے ہیں۔غریبی میں زندگی گزاررہے کنبے پچھلے کئی برسوں سے غربت میں ہی زندگی گزار رہے ہیں انہیں ترقی کی جانب لانے کا کام کیاجاناچاہئے۔اس موقع پر رکن اسمبلی سی پٹارنگاشیٹی،این مہیش،سی ایس نرنجن کمار،مرکزی راحت کاری کمیٹی کے صدر ایم رام چندرا،سٹی منسپل کونسل کی صدر آشاء نٹراجو،کرناٹک سلم کلیئرنس بورڈ کے ڈائرکٹر ناگراج ایم برادر،سٹی منسپل کونسلرمہیش،منوج پاٹل،چندرو،منسپل کمشنر کری بسویااوردیگر موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links