بی جے پی نے 18 ریاستوں کے ’فتح‘ کا بنایا ماسٹر پلان

RushdaInfotech July 4th 2022 urdu-news-paper
 بی جے پی نے 18 ریاستوں کے ’فتح‘ کا بنایا ماسٹر پلان

نئی دہلی:3جولائی (ایجنسی) بی جے پی کی دو روزہ قومی ایگزیکٹو میٹنگ حیدرآباد میں جاری ہے۔ آج اجلاس کا دوسرا دن ہے۔ اس میٹنگ میں بی جے پی نے اگلے دو سالوں میں 18 ریاستوں میں کامیابی کے ساتھ ساتھ لگاتار تیسری بار مرکز میں اقتدار حاصل کرنے کا ماسٹر پلان تیار کرلیا ہے۔ اگر یہ ماسٹر پلان کام کرتا ہے تو بی جے پی 11 ریاستوں میں اپنی حکومت بچانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ وہیں اسے 7 نئی ریاستوں کا اقتدار بھی ملے گا، جہاں اس وقت بی جے پی مخالف سیاسی جماعتیں اقتدار میں ہیں۔ 2022 کے آخر تک گجرات اور ہماچل پردیش میں انتخابات ہوں گے، ان دونوں ریاستوں میں فی الحال بی جے پی کی حکومت ہے۔ ایسے میں پارٹی نے الیکشن کی تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی ہیں۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا سے لے کر وزیر اعظم نریندر مودی تک دونوں ریاستوں کا مسلسل دورہ کر رہے ہیں۔ کئی مرکزی وزراء سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ان دو ریاستوں پر توجہ مرکوز کریں۔ گجرات اور ہماچل پردیش کے بعد 2023 میں ملک کی نو ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہوں گے، ان میں تریپورہ، میگھالیہ، ناگالینڈ، کرناٹک، چھتیس گڑھ، راجستھان، مدھیہ پردیش، میزورم اور تلنگانہ شامل ہیں۔ سب سے پہلے تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں انتخابات ہوں گے۔یہاں فروری 2023 میں موجودہ حکومتوں کی مدت ختم ہو رہی ہے۔ ان تینوں ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے۔تریپورہ میں بی جے پی مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت میں ہے،جبکہ میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اس کا اتحاد ہے۔ اس کے بعد کرناٹک میں اپریل-مئی 2023 تک، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، میزورم، راجستھان اور تلنگانہ میں اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں انتخابات ہوں گے۔ مدھیہ پردیش اور کرناٹک میں بی جے پی برسراقتدار ہے جبکہ چھتیس گڑھ، راجستھان میں کانگریس برسراقتدار ہے۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی حکومت ہے۔ میزو نیشنل فرنٹ (MNP) کی میزورم میں حکومت ہے۔
تاہم ایم این پی کا بی جے پی کے ساتھ اتحاد ہے۔ یعنی بی جے پی بھی میزورم حکومت کا حصہ ہے۔ 2024 میں سات ریاستوں میں انتخابات ہوں گے۔ ان میں آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، اڈیشہ، سکم، ہریانہ، مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ شامل ہیں۔ ان میں سے ہریانہ، مہاراشٹر کے علاوہ کہیں بھی بی جے پی کی حکومت نہیں ہے۔18 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ بی جے پی کی نظریں 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات پر بھی ہیں۔ بی جے پی مسلسل تیسری بار مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی کوشش کر ے گی، اور اس کیلئے تیاری شروع کر دی گئی ہے۔


Recent Post

Popular Links