مودی حکومت کے 8سال،8فریب، کانگریس نے جاری کیا کتابچہ

RushdaInfotech May 27th 2022 urdu-news-paper
مودی حکومت کے 8سال،8فریب،  کانگریس نے جاری کیا کتابچہ

نئی دہلی:26مئی(ایجنسی) کانگریس نے مودی حکومت کے 8 سال پورے ہونے پر اسے ناکام قرار دیتے ہوئے جمعرات کے روز 8 سال، 8 چھل، بی جے پی وِپھل (8 سال، 8 فریب، بی جے پی حکومت ناکام)کے نام سے کتابچہ جاری کیا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اجے ماکن، رندیپ سنگھ سرجے والا، سکریٹری پرنب جھا، ونیت پونیا اور سنجیو سنگھ نے بی جے پی کی ناکامی کا دعویٰ کرتے ہوئے کتابچہ جاری کیا۔اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اجے ماکن نے کہا کہ بی جے پی کے کھاتے میں 5 ہزار کروڑ روپے آئے۔ لوگوں کو مہنگا پٹرول، ڈیزل اور بے روزگاری حاصل ہوئی۔ کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کی گئی اور اس کی تلافی عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈال کر کی جا رہی ہے۔ماکن نے کہا کہ عوام یہ پوچھ رہی ہے کہ اچھے دن کس کے آئے ہیں! بی جے پی کے کھاتہ میں 5 ہزار کروڑ روپے آئے، ان کے اچھے دن آئے ہیں۔ چنندہ لوگوں کے اچھے دن آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بھوک کے انڈیکس میں ہندوستان 55 ویں مقام سے گر کر 101 کے مقام پر آ گیا۔ پریس، جمہوریت اور کئی دیگر عالمی انڈیکس میں بھی ہندوستان پھسل رہا ہے۔ کیا ایسے ہی ہندوستان کو وشو گرو بنائیں گے؟انہوں نے کہا کہ عوام پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں لیکن کارپوریٹ ٹیکس پر راحت دی جا رہی ہے۔ سی ایم آئی کے مطابق آج ملک میں 48 کروڑ افراد بے روزگار ہیں۔ خواتین کا روزگار انڈیکس 10 فیصد کم ہوا ہے۔ صحت کے علاقہ میں اسامیاں خالی پڑی ہیں۔
پورے ملک میں 62 لاکھ عہدوں پر تقرری نہیں ہوئی ہے۔ اس کیلئے براہ راست طور پر مرکز ذمہ دار ہے۔ سرجے والا نے کہا کہ ملک میں فسادات میں 34 فیصد کا اضافہ ہوا ہے لیکن مودی حکومت اس پر بحث نہیں کرانا چاہتی، بجائے اس پر توجہ دینے کے وہ کانگریس پر سوال اٹھا رہی ہے۔ کپل سبل کے کانگریس کو خیرباد کہے جانے کے سوال پر سرجے والا نے کہا کہ وہ تمام سینئر لیڈر جو کانگریس پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں، ہم انہیں نیک خواشات پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ ملک کے مفاد میں اپنا تعاون پیش کرتے رہیں گے۔


Recent Post

Popular Links