تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید بارش۔دھان گیلی ہوگئی، کسانوں کو تشویش

RushdaInfotech May 22nd 2022 urdu-news-paper
تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید بارش۔دھان گیلی ہوگئی، کسانوں کو تشویش

حیدرآباد:21مئی(یواین آئی) تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید بارش ہوئی۔ وقارآباد ضلع کے کوڑنگل ٹاون میں کل تقریبا ایک گھنٹہ مسلسل بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں کئی درخت اکھڑگئے اورراستوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے نتیجہ میں گاڑی سواروں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرناپڑا۔بارش کے نتیجہ میں بعض فصلوں کو بھی نقصان کی اطلاع ملی ہے۔کسانوں نے اس اچانک بے موسم بارش پر فکرمندی کااظہارکیا ہے۔ وقارآباد ضلع کے کوٹے پلی میں 10سنٹی میٹر بارش ہوئی۔ نظام آباد، نارائن پیٹ، محبوب نگر، کھمم، سوریا پیٹ اور میڑچل میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔اس اچانک بے موسم بارش کے سبب ناگرکرنول ضلع کی زرعی منڈی میں دھان گیلی ہوگئی۔ کسانوں نے شکایت کی کہ دھان تقریباً5دن سے رکھی ہوئی تھی۔سدی پیٹ اور کاماریڈی کے کئی کسانوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش سے انہیں شدید نقصان ہواہے۔ میدک ضلع کے پرگتی دھرمارم علاقہ کے کسانوں نے بھی فکرمندی کا اظہار کیا۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ خریداری مراکز کے قریب دھان کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ لاریوں سے دھان نہ اتارنے پر کسانوں نے ناراضگی کااظہار کیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کل ریاست میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ ریاست کے کئی اضلاع میں ہلکی تا اوسط بارش کا امکان ہے۔اسی دوران طوفانی ہوائیں 30سے40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔


Recent Post

Popular Links