چنئی: بلدیاتی انتخاب،باحجاب ووٹر پر اعتراض،بی جے پی ایجنٹ کو ہٹایاگیا

RushdaInfotech February 20th 2022 urdu-news-paper
چنئی: بلدیاتی انتخاب،باحجاب ووٹر پر اعتراض،بی جے پی ایجنٹ کو ہٹایاگیا

چنئی:19فروری(ایجنسی)حجاب تنازعہ اس وقت ہندوستان میں اپنے عروج پر ہے۔ کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے بعد اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں دوسرے مرحلہ کے دوران کچھ بی جے پی لیڈروں نے باحجاب خاتون ووٹرس پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے فرضی ووٹ کا خطرہ ہے۔ اب چنئی میں بلدیاتی انتخاب کے دوران بی جے پی ایجنٹ نے ایک باحجاب خاتون ووٹر پر اعتراض کر دیا اور اس سے کہا کہ حجاب اتار کر ووٹ ڈالے۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد وہاں ہنگامہ پیدا ہو گیا اور حالات ایسے بن گئے کہ بی جے پی ایجنٹ کو ہی اس جگہ سے ہٹا دیا گیا۔ لوگ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کیلئے پہنچ رہے ہیں۔ میلور ملیر واقع الامین اسکول کے پولنگ بوتھ پر جب ایک باحجاب خاتون ووٹ ڈالنے کیلئے پہنچی تو بی جے پی ایجنٹ نے اسے ووٹ ڈالنے سے روک دیا۔ بی جے پی ایجنٹ کا نام گری راجن بتایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جب گری راجن نے خاتون ووٹر سے حجاب اتارنے کیلئے کہا تو اس نے ایسا کرنے سے منع کیا۔ پھر ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے بھی بی جے پی ایجنٹ کی مخالفت میں کھڑے ہو گئے۔ ہنگامہ اتنا بڑھ گیا کہ ووٹنگ کے عمل کو بھی تھوڑی دیر کیلئے روکنا پڑا۔


Recent Post

Popular Links