کشمیر میں زلزلے کے زور دار جھٹکے،ہر سو خوف وہراس

RushdaInfotech February 6th 2022 urdu-news-paper
کشمیر میں زلزلے کے زور دار جھٹکے،ہر سو خوف وہراس

سری نگر:5 فروری (یو این آئی) وادی کشمیر میں ہفتے کی صبح زلزلے کے زور دار جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے جبکہ کئی علاقوں میں دیواریں گرنے اور مکانوں کے دیواروں میں دراڑیں ہونے کی اطلاعات ہیں۔نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت5.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا اور یہ زلزلہ کے جھٹکے ہفتے کی صبح 9 بجکر 45 منٹ پر آئے۔اس زلزلے کے جھٹکے دلی میں بھی محسوس کئے گئے ہیں۔وادی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں سے باہر سڑکوں پر نکل آئے اور ہر سو خوف و ہراس پھیل گیا۔وسطی کشمیر کے چرار شریف میں واقع علمدار کشمیر حضرت نورالدین نورانیؒ کے آستان عالیہ کا مینار ذرا خم ہوگیا ہے۔آستان عالیہ کے متولی حاجی محمد یونس نے یو این آئی کو بتایا کہ ہمارے اعتقاد کے مطابق علمدار کشمیر نے آنے والی آفت کو ٹالا اور وبائی صورتحال بھی ختم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو مطلع کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ایسے دو واقعے پیش آئے ہیں اس سے پہلے ایک ایسا ہی واقعہ خانقاہ معلیٰ میں پیش آیا تھا۔اطلاعات کے مطابق وادی میں کہیں کہیں دیواریں گر آئی ہیں مکانوں کی دیواروں میں بھی دراڑیں ہوئی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔


Recent Post

Popular Links