ٹرک ٹرمنل کی تعمیر کیلئے موزوں زمین کی نشاندہی کی جائے شیموگہ ضلع کے افسرو ں کو ڈی دیوراج ارس ٹرک ٹرمنل کے چیرمین ویریا کی ہدایت

RushdaInfotech January 18th 2022 urdu-news-paper
ٹرک ٹرمنل کی تعمیر کیلئے موزوں زمین کی نشاندہی کی جائے شیموگہ ضلع کے افسرو ں کو ڈی دیوراج ارس ٹرک ٹرمنل کے چیرمین ویریا کی ہدایت

شیموگہ:17جنوری (سالارنیوز)ضلع میں جدیدسہولتوں سے لیس ٹرک ٹرمنل کی تعمیر ضروری ہے،اس کیلئے شیموگہ شہر کے آس پاس جگہ کی نشاندہی کی گئی تو ٹرمنل کی تعمیر اور ترقی کیلئے فنڈ فراہم کیاجائے گا۔یہ با ت ڈی دیوراج ارس ٹرک ٹرمنل کے چیرمین ڈی ایس ویریا نے افسروں سے کہی۔انہوں نے یہاں ڈپٹی کمشنر دفتر میں طلب کردہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کے چند مقامات پر جدید ٹرک ٹرمنل قائم کئے گئے ہیں،مزید چند مقامات پر ٹرک ٹرمنل کی تعمیر باقی ہے،ٹرک ٹرمنلس کی تعمیر سے حادثوں میں کمی آتی ہے،ماحولیاتی آلودگی سے بھی بچاجاسکتاہے۔اس سے روزگار کے مواقع اورمنی ٹاؤن شپ کی تعمیر بھی ممکن ہوسکتی ہے،اس طرح ٹرک ٹرمنل سے کئی سہولتیں فراہم ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ ٹرمنل نہ ہوں تو روڈ کے کنارے لاریاں کھڑی کردی جاتی ہیں، علی الصباح لاریاں ہٹانی پڑتی ہیں جس کے سبب حادثات زیادہ پیش آتے ہیں، ان کے دور میں ہی ضلع میں ٹرک ٹرمنل تعمیرہو جائے، یہ خواہش رکھتے ہیں،اس لئے ڈپٹی کمشنر کو چاہئے کہ آر آئی،ولیج اکاؤنٹنٹس سمیت دیگر افسروں کا اجلاس طلب کرکے شیموگہ کے آس پاس زمین کے بارے میں جائزہ لیں۔ڈی ایس ویریا نے بتایاکہ ٹرک ٹرمنل کی تعمیر کیلئے کم سے کم 15تا 20/ایکڑ زمین اور زیادہ سے زیادہ 50/ایکڑ زمین درکارہے، اس زمین کی نشاندہی کی جائے توٹرک ٹرمنل کی تعمیر کیلئے مدد گار ہوگا۔ہوسپیٹ،ہبلی،دھارواڑ،یشونت پور میں جدید سہولتوں سے لیس ٹرک ٹرمنلس ہیں۔سرکاری زمین کو اولین ترجیح دی جائے توبہتر رہے گا،اگر سرکاری زمین دستیاب نہیں ہے تو نگر وتھانہ یا کے آئی اے ڈی بی کی زمین بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔قومی شاہراہ کے آس پاس 2سے 5کلومیٹر تک زمین کی نشاندہی کی جائے۔تحصیلدار،اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے علاوہ کے آئی اے ڈی بی کے افسروں کو چاہئے کہ زمین کی نشاندہی کرنے کے معاملے میں ڈپٹی کمشنر کا تعاون کریں۔ڈپٹی کمشنرڈاکٹر آر سیلوامنی نے کہا کہ تعلقہ سطح کے آفیسر س اور آرآئی،ولیج اکاؤنٹنٹنس کا اجلاس طلب کرکے زمین کی دستیابی کے تعلق سے جائزہ لیں گے۔قومی شاہراہ کے قریب وہ بھی شیموگہ شہر کے آس پاس جگہ تلاش کی جائے گی۔زمین خریدنے کیلئے موقع فراہم کیاگیاتو بہتر رہے گا۔شیموگہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیرمین جیوتی پرکاش نے کہا کہ ہریگے کے قریب موجود شوگر فیکٹری کی جگہ یااس کے قریب ہی کسی اور زمین پر ٹرک ٹرمنل تعمیر کیاجاسکتاہے۔کے آئی اے ڈی بی ایگزی کیٹیوانجینئر نارائنپانے کہاکہ ایرپورٹ کے قریب زمین کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔اس اجلاس میں اڈیشنل ڈپٹی کمشنر ناگیندراایف ہونالی،شیموگہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کمشنر کوٹریش، تحصیلدار ناگراج اور دیگر شریک تھے۔


Recent Post

Popular Links