آئندہ بھی تنویرسیٹھ کے ساتھ مل کر حلقہ نرسمہاراجہ کے عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کروں گا: پرتاب سمہا

RushdaInfotech January 15th 2022 urdu-news-paper
آئندہ بھی تنویرسیٹھ کے ساتھ مل کر  حلقہ نرسمہاراجہ کے عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کروں گا: پرتاب سمہا

میسور:14جنوری (پیر پاشاہ۔نامہ نگار) حلقہ نرسمہاراجہ کے رکن تنویر سیٹھ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی وزرات اقلیتی بہبود نے پارلیمانی حلقے میسور وکورگ کے رکن پارلیمان پرتاب سمہا کو 3کروڑ روپئے منظور کئے تھے۔پرتاب سمہا نے حلقہ نرسمہاراجہ کے ترقیاتی کاموں کیلئے 2.80کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ بروز جمعرات پرتاب سمہا اورتنویر سیٹھ نے حلقہ کے وارڈ نمبر 31میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔تنویر سیٹھ نے حلقہ میں خاص کر نالوں کے پانی کاایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان نالوں میں بہنے والا پانی اور بارش کاپانی،پینے کے پانی میں مل کر کئی علاقوں میں بسنے والے افراد کیلئے زہر کا کام کررہا ہے۔ نالوں کے آلودہ پانی کو کیسرے میں واقع پانی کو صاف کرنے کے یونٹ میں بہا دینا چاہئے، جس کیلئے رکن پرتاب سمہا نے مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ فنڈ میں سے گیارہ کروڑروپئے جاری کئے تھے،جس کی وجہ سے حلقہ نرسمہاراجہ کے عوام کیلئے ایک پاک صاف ماحول نصیب ہوگا۔ اس طرح پرتاب سمہا نے کئی موقعوں پر حلقہ نرسمہاراجہ کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ کئی فلاحی اسکیوں سے ہماری مدد کی جس کیلئے حلقہ نرسمہاراجہ کے عوام کی جانب سے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جاتاہے۔ ساتھ ہی کورونا وائرس کی دوسری لہر کے موقع پر میسور ضلع میں آکسیجن کی قلت کی وجہ سے مرکزی حکومت کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی تھی جس کے بعد میسور ضلع کے تمام اسپتالوں میں آکسیجن یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔مرکزی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلے کے تحت میسور کے عزیز سیٹھ نگر میں واقع سنٹرل بیڑی مزدور ہاسپٹل میں بھی آکسیجن جنر یشن یونٹ قائم کیاجائے گا جو حلقہ نرسمہاراجہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کے علاج کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ رکن پارلیمان نے پارٹی اور ذات پات کو نہ دیکھتے ہوئے حلقہ نرسمہاراجہ کیلئے فنڈ جاری کیا ہے، ہمیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی اسی طرح ہماری مدد کریں گے۔ پرتاب سمہا نے کہا کہ ریاستی حکومت کے اقلیتی بہبودی وزرات کی جانب سے انہیں 3کروڑ روپئے منظور کئے گئے تھے،جس میں سے انہوں نے2.80کروڑ روپئے حلقہ نرسمہہاراجہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے بڑے بھائی رکن اسمبلی تنویر سیٹھ، خاص کراس حلقہ کی ترقی کیلئے فنڈ کے تعلق سے بات چیت کرتے رہتے ہیں۔اس موقع پر میں انہیں بھروسہ دلاتا ہوں کہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی جانب سے زیادہ سے فنڈ لاکر حلقہ نرسمہاراجہ کی ترقی کیلئے بھر پور کوشش کریں گے۔ 2014سے اب تک مجھے پارلیمانی حلقہ میسور و کورگ کی ترقی کیلئے خدمت کرنے میں ہمیشہ رکن اسمبلی تنویر سیٹھ نے رہنمائی کی ہے جس کیلئے وہ تنویر سیٹھ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ آئندہ بھی وہ تنویر سیٹھ کے ساتھ حلقہ نرسمہاراجہ کے عوام کی مزید بہتر خدمت کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔


Recent Post

Popular Links