کڈور کی مسجد لبابین کی ازسر نو تعمیر افتتاحی جلسے سے قاری کلیم اللہ اور مفتی شفیق احمدکا خطاب

RushdaInfotech January 15th 2022 urdu-news-paper
کڈور کی مسجد لبابین کی ازسر نو تعمیر افتتاحی جلسے سے قاری کلیم اللہ اور مفتی شفیق احمدکا خطاب

چکمگلور:14جنوری(فیروز نشیمن۔نامہ نگار)بروزجمعرات 13جنوری ضلع کے کڈرو شہر کی قدیم جامع مسجد لبابین،جو بانی وی کے عبدلرحمن یجمان نے 80سال قبل تعمیر کروائی تھی۔قدیم زمانے سے ہی کڈور کی مسجد تبلیغی جماعت کا مرکز کہلاتی تھی اور کڈور کے آس پاس کے قریے اور علاقے کے مسلمانوں کیلئے ایک مرکز کہلاتی ہے۔وقت کے ساتھ ساتھ مصلیوں کی تعداد بھی زیادہ ہونے لگی جس کی وجہ سے مسجد کی موجودہ کمیٹی نے شہر کے نوجوانوں کو ساتھ لے کر صاحب ثروت مسلمانوں کے تعاون سے7کروڑ روپئے کی لاگت سے عالیشان مسجد تعمیر کی ہے۔موجودہ کمیٹی کی انتھک محنت اور کوشش سے اس مسجد کا تعمیری کام مکمل ہوا۔ اس مسجد کی تعمیر نو کے بعد منعقدہ افتتاحی تقریب میں ہزاروں فرزندان توحید شریک رہے۔اس اجلاس سے بنگلور سے تشریف لائے مفتی شفیق احمد اورقاری کلیم اللہ نقشبندی نے اپنے خطاب میں تعمیر مسجد کی اہمیت اور اس کے اجر وثواب کے علاوہ مسلمانوں میں اتحاد واتفاق کے سلسلے میں تفصیل بیان کی اور کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہے، جس مسلمان نے مسجد کے تعمیری کام میں حصہ لیاوہ جنت میں اپناایک گھر بنانے کا درجہ رکھتاہے۔ آج کے دور میں مسجد کو صرف عبادت کی حد تک محدود نہیں رکھناچاہئے،بلکہ مسجد کو مسلمانوں کا ایک مرکز بناناچاہئے جہاں سے مسلمانوں کے مسائل حل ہوسکیں۔مسجد کو آباد رکھناضروری ہے،کیونکہ مسجد کی زینت نمازی ہوتے ہیں۔مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ آپسی اختلافات اور مسلکی اختلافات کو ختم کرکے آپس میں اتحاد واتفاق قائم کریں کیونکہ اسی میں مسلمانوں کی بھلائی ہے۔انہوں نے مسجد کی موجودہ کمیٹی اور کڈور کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مسجد سے متصل ایک مدرسہ قائم کیاجائے۔علمائے کرام کے ہاتھوں مسجد کمیٹی کے صدر محبوب اور سکریٹری سعادت حسین اور دیگر کی گلپوشی اور شال پوشی عمل میں آئی۔جلسے کاآغاز حافظ ذوالفقار کی تلاوت کلام الٰہی سے ہوا۔نعت شریف کا نذرانہ مولاناشعیب احمد نے پیش کیا۔نظامت مولانا عثمان نے کی، مولاناکلیم اللہ کی دعا پر جلسے کا اختتا م ہوا۔


Recent Post

Popular Links