کووڈ کیسوں میں اضافہ کے سبب حکومت کی طرف سے ضوابط میں سختی 31جنوری تک بی بی ایم پی کی حدود میں اسکول بند رکھنے کافیصلہ

RushdaInfotech January 13th 2022 urdu-news-paper
کووڈ کیسوں میں اضافہ کے سبب حکومت کی طرف سے ضوابط میں سختی 31جنوری تک بی بی ایم پی کی حدود میں اسکول بند رکھنے کافیصلہ

بنگلورو۔12/جنوری(سالار نیوز)کرناٹک کی راجدھانی بنگلور و سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں کورونا کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے پیش نظر ریاستی حکومت نے چند سخت فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کی صدارت میں ہوئے ورچیول اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ ریاست بھر میں نافذ کووڈ ضابطہ کو 31جنوری تک نافذ رکھا جائے گا۔ اس میں ویک اینڈ کرفیو کی رواں مہینے کے اختتام تک توسیع بھی شامل ہے۔میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کووڈ بوسٹر ڈوز دینے کے لئے انتظامات میں اضافہ کیا جائے۔ بچوں کا جو ویکسی نیشن کیا جا رہا ہے اس میں بھی اضافہ کیا جائے۔ تعلقہ اورضلع سطح پر اسپتالوں میں کووڈ سے متاثر ہونے والے بچوں کے لئے وارڈوں کی دستیابی یقینی بنانے اور متاثرین کے علاج میں تیزی پر زور دیاگیا۔ریاست کے تمام کووڈ کیر مراکز میں وافر مقدار میں دواؤں کی دستیابی پر بھی اجلاس میں زور دیا گیا۔ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیمات کی جانب سے ہر 15دن میں طبی جانچ کروانے کی ہدایت جاری کی گئی۔عوامی مقامات پر نافذ کووڈ ضابطہ کے نفاذ میں سختی پر زور دیا گیا۔ کووڈ کی تیسری لہر کے دوران چونکہ ہوم آئسولیشن میں رہنے والوں کی تعداد کافی زیادہ ہونے کا خدشہ ہے اس لئے ریاست کے تمام اضلاع، بالخصوص بی بی ایم پی حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ جن کو ہوم آئسولیشن میں رکھا جائے گا ان کی کڑی نگرانی کی جائے۔ کووڈ کی رپورٹ ملنے کے بعد اگر مریض کو اسپتال میں داخل کرنا پڑے تو اس کا انتظام کیا جائے۔ یہ طے کیا گیا ہے کہ بنگلورو میں فوری طور پر 27کووڈ کیر مراکز قاٹم کئے جائیں۔ بی بی ایم پی حدود میں حکومت نے روزانہ کووڈ ٹیسٹوں کی تعداد کو بڑھا کر 1.3لاکھ سے زیادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بازاروں میں ہجوم کو کم کرنے کے لئے حکومت نے مصروف بازاروں کو تقسیم کر کے دیگر مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔اضلاع میں کورونا کی صورتحال کی بنیاد پر ڈپٹی کمشنرو ں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کو چھٹی دینے یا نہ دینے کے بارے فیصلہ لیں۔ لیکن بی بی ایم پی حدودمیں اسکولوں کو 31جنوری تک بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس میٹنگ میں ریاستی وزراء ڈاکٹر سدھاکر، بی سی ناگیش، ارگا گیانیندرا، چیف سکریٹری روی کمار، کووڈ مشاورتی کمیٹی کے چیرمین ڈاکٹر سدرشن و دیگر اعلیٰ افسر موجو دتھے۔


Recent Post

Popular Links