کوروناکی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے ضلع انتظامیہ پوری طرح تیارہے:لتا

RushdaInfotech January 11th 2022 urdu-news-paper
کوروناکی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے ضلع انتظامیہ پوری طرح تیارہے:لتا

چکبالاپور:10 جنوری (محمد جیلانی۔ نامہ نگار)کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے ضلع انتظامیہ پوری طرح تیار ہے۔ ضلع میں بڑھ رہے کورونا کے معاملات پر قابو پانے لوگوں کو کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور ویکسین لینے کی جانب توجہ دلائی جارہی ہے۔ضلع میں بوسٹر ڈوز دینے کا سلسلہ آج سے سرکاری اسپتال میں شرو ع کیا گیا ہے۔ اس میں 60 سال سے زیادہ عمرکے افراد اور فرنٹ لائن کورونا ورکرس کو پہلے مرحلہ میں یہ ڈوز دیا جائے گا۔یہ بات ڈپٹی کمشنر آ لتا نے کہی۔ انہوں نے آج یہاں بوسٹر ڈوز دینے کے سلسلے کا آغاز کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق ضلع میں آج سے بوسٹر ڈوز دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ دورسرڈوز لینے کے9 ماہ بعد 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد اورفرنٹ لائن ورکرس کو بوسٹر ڈوز دیا جارہا ہے۔ ضلع بھر میں پہلے مرحلہ میں بوسٹر دوز دینے کیلئے 8550/افراد کی نشاندہی کی گئی ہے، جو بھی اس بوسٹر ڈوز لینے کے اہل ہیں وہ سبھی ضلع کے سرکاری اسپتال، تعلقہ پرائمری ہیلتھ سنٹرس، تعلق سطح کے سرکاری اسپتال میں بوسٹرڈوز لے سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں کورونا ویکسین کے پہلے ڈوز میں صد فی صد کامیابی حاصل کرلی گئی ہے۔ جبکہ دوسرے ڈوز میں تاحال 85 ہزار افراد باقی ہیں۔ ان سب کو ویکسین دینے کیلئے11 جنوری کو ویکسین میلہ منعقد کیا جارہا ہے۔جنہوں نے ابھی تک دوسرا ڈوز نہیں لیاہے ایسے افراد کو چاہئے کہ وہ سبھی سنٹرس پہنچ کر ویکسین لے لیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں چند دنوں سے کورونا معاملات میں اضافہ ہوتا نظرآرہا ہے۔ اب ضلع بھر میں 137کورونا کے آیکٹیو معاملات ہیں۔ان معاملات میں کسی بھی فرد کی صحت نازک نہیں سمجھی جارہی ہے،تمام کی صحت بہتر ہے۔ کئی افراد کورونا کی نشاندہی کے بغیر بھی کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔ ابھی ضلع بھر میں کوئی بھی کورونا سے متاثر فرد کو آکسیجن کی ضرورت بھی محسوس نہیں ہوئی۔بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ہر ایک کو چاہئے کہ وہ ویکسین لیں اور اپنی صحت کیلئے تما م احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ یہ ضلع شہر بنگلور سے قریب ہونے کی وجہ سے کئی افراد روزگاراور دوسرے کام کاج کیلئے شہر بنگلور جاتے آتے ہیں۔ ان سب پر گہری نظر رکھنے کیلئے وارڈ و گرام پنچایت ٹاسک فورس کو ہدایت دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں 700 آکسیجن بیڈ تیار رکھے گئے ہیں۔ ہر ایک تعلقہ کے سرکاری اسپتال میں آکسیجن بیڈ تیار کئے گئے ہیں۔ ضلع کے کووڈ سنٹر میں 2 آکسیجن پلانٹ بھی بنائے گئے ہیں۔


Recent Post

Popular Links