پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح عالمی شرح سے زیادہ

RushdaInfotech December 20th 2021 urdu-news-paper
پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح عالمی شرح سے زیادہ

اسلام آباد-19دسمبر (یو این آئی) پاکستان میں کورونا وائرس انفیکشن سے ہونے والی اموات کی شرح عالمی شرح اموات سے زیادہ ہے - یہ اطلاع پاکستان کے اخبار ڈان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے حوالے سے دی ہے -این سی او سی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا سے اموات کی شرح 1.97 فیصد ہے جبکہ پاکستان میں یہ شرح 2.24 فیصد ہے -کووڈپر سائنٹیفک ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی وجہ سے اموات کی شرح زیادہ ہے کیونکہ اسپتال میں آنے والے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے اور مریض کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے دیگر عوارض میں بھی مبتلا تھے - انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں ناقص صحت دیکھ بھال اور تشخیصی سہولیات کی وجہ سے پورے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے -
ڈاکٹر اکرم نے بتایا کہ پورے ملک میں کووڈسے ہونے والی 78 فیصد اموات 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی تھیں اور مرنے والوں میں سے 69 فیصد کو دائمی بیماری تھی جبکہ مرنے والوں میں سے 91 فیصد چھ دن تک ہسپتال میں داخل رہے - ہسپتال میں داخل مریضوں میں سے تقریباً 45 فیصد اوسطاً تین دن وینٹی لیٹر پر تھے -پاکستان میں تقریباً 172 ہیلتھ ورکرز کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 103 ڈاکٹر، ایک میڈیکل کا طالب علم، چار نرسیں اور 64 پیرا میڈیکس تھے -ڈاکٹر اکرم نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ پاکستان میں کورونا انفیکشن کے مریضوں کی اموات عالمی فیصد سے زیادہ ہیں -


Recent Post

Popular Links