وزارت داخلہ کا اومیکرون پر ہنگامی اجلاس بین الاقوامی پروازوں پر لگے کابریک،فیصلہ جلد

RushdaInfotech November 29th 2021 urdu-news-paper
وزارت داخلہ کا اومیکرون پر ہنگامی اجلاس بین الاقوامی پروازوں پر لگے کابریک،فیصلہ جلد

نئی دہلی-28 نومبر (ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ملک میں کورونا انفیکشن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ایک دن بعد اتوار کو مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا کی صدارت میں منعقدہ ایک ہنگامی میٹنگ میں کورونا کی نئی شکل اومیکرون کی وجہ سے پیدا ہونے والے خدشات کا جائزہ لیاگیا اور اس سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا-وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق میٹنگ میں اومیکرون وائرس کے تناظر میں ملک بھر کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا- میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پورے ملک میں کورونا وبا کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور اس کے مطابق ضروری اقدامات کیے جائیں گے - یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عالمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کمرشیل پروازیں شروع کرنے کے طے شدہ پروگرام کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور اسی کی بنیاد پر پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا-یہ بھی خبرآرہی ہے کہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کا فیصلہ کرلیاگیاہے لیکن کب اور کیسے،کون سے ممالک شامل ہوں گے،اس پر فیصلہ جلدلیاجائے گا-اس کے علاوہ مختلف احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد اور انہیں مزید سخت بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا- اس کے ساتھ ہی بین الاقوامی پروازوں سے آنے والے مسافروں بالخصوص‘ہائی رسک’زمرے میں آنے والے مسافروں کی اسکریننگ اور نگرانی کے عمل سے متعلق معیاری طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا- میٹنگ میں کورونا کے مختلف ورژن کے جینوم کی نگرانی کو تیز کرنے اور مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا- طیران گاہوں اور بندرگاہوں پر تعینات صحت کے اہلکاروں کو بھی الرٹ رہنے اور تفتیش وغیرہ میں غفلت نہ برتنے کو کہا گیا ہے -میٹنگ میں مختلف ماہرین، نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر وی کے پال، وزیر اعظم کے پرنسپل سائنسی مشیر ڈاکٹر وجے راگھون اور صحت، شہری ہوا بازی اور دیگر وزارتوں کے سینئر افسروں نے شرکت کی-


Recent Post

Popular Links