اتراکھنڈ میں بارش سے تباہی، نینی تال کا برا حال کماؤں میں شدید بارشوں سے زبردست تباہی،کئی گھر ملبے کی زد میں، 34ہلاک، متعدد لاپتہ

RushdaInfotech October 20th 2021 urdu-news-paper
اتراکھنڈ میں بارش سے تباہی، نینی تال کا برا حال کماؤں میں شدید بارشوں سے زبردست تباہی،کئی گھر ملبے کی زد میں، 34ہلاک، متعدد لاپتہ

نینی تال،19 /اکتوبر (یو این آئی) اتراکھنڈ کے کماون ڈیویژن میں پیر کی شب شدید بارش ہوئی۔ نینی تال اور الموڑہ اضلاع میں بارش کی وجہ سے کئی گھر ملبے میں دب گئے، جس کی وجہ سے34 / افراد ہلاک جبکہ پانچ افراد لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔ضلع نینی تال کے مکتیشور کے دوشاپانی میں شدید بارش کی وجہ سے رات گئے ایک مکان منہدم ہوگیا جس کی وجہ سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ ان سب کا تعلق ایک ہی کنبہ سے بتایا جارہا ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ فورس اور پولیس نے موقع پر ہی ریلیف اور ریسکیو آپریشن کیا۔ سب کلکٹر یوگیش سنگھ مہرا نے بتایا کہ ملبے کے نیچے دبی ہوئی پانچوں لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ انتظامیہ مرنے والوں کے بارے میں معلومات جمع کرنے میں مصروف ہے۔ مکتیشور کے رام گڑھ علاقے میں ایک اور واقعہ میں سات افراد کے ملبے کے نیچے پھنسے ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ اس کی تصدیق کرتے ہوئے مسٹر مہرا نے کہا کہ یہاں بھی راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ دو لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ پانچ افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے حوالے سے تفصیلی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ شدید بارشوں کی وجہ سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مشکلیں پیش آرہی ہیں۔ ضلع الموڑہ کے بھکیاسین کے راپڑ گاؤں میں بھی بارش کی وجہ سے ایک ہی کنبہ کے چار افراد لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آنند سنگھ کا رہائشی مکان راپڑ گاؤں میں رات 2 سے 3 بجے کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا، جس کی وجہ سے آنند سنگھ، ان کی اہلیہ اوشا دیوی، پوتہ اور ایک پوتی ملبے کے نیچے دب گئے۔گاؤں والوں نے فوری طور پر موقع پر امدادی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ اوشا دیوی کو فوری طور پر باہر نکالا گیا۔ انہیں زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملبہ سے آنند سنگھ کی پوتی کرن کی لاش بھی برآمد ہوئی ہے۔ دو افراد لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔الموڑہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے متصل ہیرا ڈونگری میں ایک گھر کی دیوار کے گرجانے سے ماں بیٹی ملبے کی زد میں آگئیں۔ گاؤں والے زخمی ماں اور بیٹی کو ڈسٹرکٹ اسپتال لے گئے، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ بیٹی اسپتال جانے سے پہلے ہی دم توڑ گئی۔ اسی طرح الموڑہ-نینی تال ہائی وے پر کوارب کے قریب بھی ملبے تلے دبے دو مزدوروں کی ہلاکت کی اطلاع ہے، تاہم اس کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔گزشتہ تین دنوں سے لگاتارموسلا دھار بارش کی وجہ سے ضلع نینی تال میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ یہاں گولا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جس سے گولا بیراج کو خطرہ ہے۔ زمینی کٹاؤ کی وجہ سے کاٹھ گودام میں ریلوے لائن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ریلوے نے کاٹھ گودام سے چلنے والی کچھ ٹرینوں کی سروس روک دی ہے۔ہلدوانی میں گولا ندی پر پل کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے گولا ندی پر پل کا ایک بڑا حصہ منہدم ہو گیا ہے جس سے گولاپار اور اسپورٹس اسٹیڈیم ایریا کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ انتظامیہ نے پل پر نقل و حرکت روک دی ہے۔ اسی طرح کھیرنا-بیتال گھاٹ کو ملانے والے پل کو بھی شدید بارش کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔مختلف مقامات پر سڑکوں پر ملبے کے باعث کئی سڑکیں بلاک ہوگئی ہیں۔ رام نگر میں بھی کوسی ندی کے پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے مشہور گرجیا مندر کو خطرہ لاحق ہے۔ کوسی بیراج میں پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے انتظامیہ نے اس کے تمام دروازے کھول دیے ہیں۔ ادھم سنگھ نگر میں نانک ساگر ڈیم کی پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر چلی گئی ہے جس سے ترائی علاقے میں سیلاب کا خطرہ ہے۔


Recent Post

Popular Links