ارنب گوسوامی کو کابل کے سرینا ہوٹل میں آئی ایس آئی اہلکاروں کی موجودگی کا غلط دعویٰ مہنگا پڑ گیا

RushdaInfotech September 21st 2021 urdu-news-paper
ارنب گوسوامی کو کابل کے سرینا ہوٹل میں   آئی ایس آئی اہلکاروں کی موجودگی کا غلط دعویٰ مہنگا پڑ گیا

نئی دہلی:20ستمبر(ایجنسی)اگر یہ کہا جائے کہ ارنب گوسوامی انڈیا کے سب سے متنازع ٹی وی اینکر ہیں تو مبالغہ آرائی نہیں ہوگی۔ ریپبلک ٹی وی سے منسلک اینکر پرسن اپنی شعلہ بیانی کیلئے مشہور تو ہیں ہی لیکن اکثر اوقات ان کے شو میں مچنے والا واویلا سوشیل میڈیا صارفین کیلئے تنقید و مزاح کا مواد فراہم کرتا ہے۔حال ہی میں ان کی ایک نئی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انھیں اپنے ذرائع کی غلط خبر پر شرمندگی اٹھانی پڑی۔ یہ واقعہ ہے 15 ستمبر کاہے، جب ارنب نے اپنے پروگرام دی ڈیبیٹ میں دعویٰ کیا کہ ان کے پاس ایک ایکسکلوسیو خبر ہے۔اس شو پر انھوں نے پاکستان کا موقف جاننے کیلئے حکمران جماعت تحریک انصاف کے بانی رکن اور ترجمان عبدالصمد یعقوب کو مدعو کر رکھا تھا تاہم انھیں بولنے کا کم ہی موقع ملا۔ارنب گوسوامی نے اپنے اس پروگرام میں دعویٰ کیا کہ ان کے پاس باوثوق ذرائع سے اطلاعات ہیں کہ پاکستان کی آئی ایس آئی کے اہلکار کابل کے سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر رکے ہوئے ہیں۔اس
انکشاف کے بعد انھوں نے متعدد بار اپنے دعوؤں کو دہرایا اور پاکستانی مہمان کو زیر تاب لانے کیلئے انھیں چیلنج بھی کیا۔ میرے ذرائع کی فکر نہ کریں۔ اگر آپ چاہیں تو میں ان کے کمرہ نمبر بھی بتا سکتا ہوں۔ انھوں نے کھانے میں کیا کھایا، یہ بھی بتا سکتا ہوں۔اس روز تو بات آئی گئی ہو گئی، تاہم اگلے پروگرام پر عبدالصمد یعقوب واپس آئے اور ارنب کے دعوؤں کو دہرایا۔ آپ نے یہی کہا تھا نہ کہ آئی ایس آئی کے اہلکار سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر رکے ہیں؟ میرے ذرائع کے مطابق کابل کے سرینا ہوٹل کی صرف دو منزلیں ہیں۔ تیسری، چوتھی اور پانچویں منزل ہیں ہی نہیں۔یہ سن کر ایک لمحے کیلئے ارنب کا رنگ ماند پڑا اور چہرے پر شکن نمودار ہوئی۔ پھر ان کے چہرے پر ایک مسکراہٹ آئی اور انھوں نے بات ٹالنے کی کوشش کی۔لیکن جو ہونا تھا وہ ہو چکا تھا اور ان دونوں پروگراموں سے لیے گئے ویڈیو کلپ جنگل کی آگ کی طرح سوشیل میڈیا پر پھیلے۔


Recent Post

Popular Links