نوجوانون میں بڑھ رہے ہارٹ اٹیک کے معاملات پرقابوپانے طرز زندگی کو بدلنا ضروری:پردیپ ہارنہلی

RushdaInfotech September 20th 2021 urdu-news-paper
 نوجوانون میں بڑھ رہے ہارٹ اٹیک کے  معاملات پرقابوپانے طرز زندگی کو بدلنا ضروری:پردیپ ہارنہلی

کولار:19ستمبر(سالارنیوز)ہمارے ملک میں حالیہ دنوں نوجوانوں میں بڑھ رہے ہارٹ اٹیک کے معاملات پر قابوپانے کیلئے طرززندگی کو بدلنے کی ضرورت ہے۔یہ مشورہ منی اسپتال کے ماہر کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر پردیپ ہارنہلی نے دیا۔انہوں نے یہاں پترکرترابھون میں ڈسٹرکٹ ورکنگ جرنلسٹس یونین اور منی پال اسپتال کے اشتراک سے پتراکرتراسنگھاکے صدر وی منی راجوکی صدارت میں منعقدہ نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک کے تعلق سے بیداری لانے کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس جدید ٹیکنالوجی کے دور میں انسان کو جتنے آرام اور ورزش کی ضرورت ہے وہ ممکن نہیں ہوپارہی ہے اور انسان تھکان اور بڑھتے ہوئے کام کاج کے دباؤ کی وجہ سے کمزور ہوتاجارہاہے اور خاص کر نوجوان طبقہ اپنے کام کاج کے بوجھ اور ذہنی تناؤ کی وجہ سے قلبی امراض کا شکار ہورہے ہیں اور ہارٹ اٹیک کے معاملات میں اضافہ ہورہاہے۔ڈاکٹر پردیپ ہارنہلی نے بتایاکہ جاپان اوراٹلی جیسے ترقی یافتہ ممالک کے بھی چند علاقوں میں آج بھی لوگ قدیم روایات کے مطابق زندگی گذاررہے ہیں اور محدود غذاکا استعمال،روزانہ ورزش،سادہ گاڑیوں میں سفر،یوگا کااہتمام سمیت قدیم طرز زندگی کو اپناکر تقریباً ایک سوسال تک کی صحت مند زندگی جی رہے ہیں۔والدین کوچاہئے کہ بچپن ہی سے اپنے بچوں کو صحت مند زندگی گذارنے کا موقع فراہم کریں اور صحت مند غذاکے استعمال کی عادت ڈالیں۔زنک فوڈ، لال گوشت،زیادہ مقدارمیں نمک،شکر کے زیادہ استعمال سے روکیں اور صحت مند غذاکی عادت ڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ آٹھ گھنٹوں سے زیاد ہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کے استعما ل سے بھی ہمارے ملک کے نوجوانوں میں قلبی امراض کی شکایت پائی جارہی ہے۔صحت مند زندگی کو ممکن بنانے کیلئے واکنگ،لفٹ کے استعمال کے بجائے سیڑھیاں چڑھنے کی عادت ڈالنی ہوگی۔انہوں نے مزید کہاکہ روزانہ ورزش کے ساتھ دال دانوں کا استعمال کیاجائے اور روزانہ آرام کرنے کی عادت ڈالیں تو 80فیصد قلبی امراض سے بچاجاسکتاہے۔30سال سے زیادہ عمر کے نوجوانوں کو چاہئے کہ کم سے کم دوسال میں ایک مرتبہ ذیابیطس اور بلڈ پریژر چیک کرائیں اور ان دونوں بیماریوں کا شکار نوجوان سال میں ایک مرتبہ ہارٹ چیک اپ ضرور کرائیں۔اس مباحثہ پروگرام میں اڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر اسنیہا،پتراکرترا سنگھاکے ضلعی صدر منی راجو،ریاستی ایگزی کیٹیو کمیٹی کے رکن بی وی گوپی ناتھ،محمد یونس،ضلعی جنرل سکریٹری ایس کے چندرشیکھر،خازن اے جی سریش کمار اور دیگر شریک تھے۔


Recent Post

Popular Links