میسور گرلز پی جی اور ہاسٹل پولیس کی نگرانی میں۔ پولیس کمشنر

RushdaInfotech September 19th 2021 urdu-news-paper
میسور گرلز پی جی اور ہاسٹل پولیس کی نگرانی میں۔ پولیس کمشنر

میسورو:18ستمبر (پیر پاشاہ) حال ہی میں میسور کے چامنڈی پہاڑ کے دامن میں زیر تعلیم ایم بی اے کی طالبہ کی اجتماعی عصمت دری کے بعد پولیس نے شہر میں واقع لڑکیوں کے پے انگ گیسٹ، ویمن اور لڑکیوں کے ہاسٹلوں پر گہری نگاہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجتماعی عصمت دری اور ودیانیا پورم میں دن دہاڑے ایک سونے کی دکان میں ڈکیتی کے بعد میسور پولیس کمشنر ڈاکٹر چندراگپتا نے حفاظتی انتظامات سخت کردئے ہیں۔ شہر میں جرائم میں ملوث افراد کے نقل و حرکت پر گہری نگاہ رکھنے موبائل ویانوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں اور خاص کر سنسان علاقوں میں حفاظتی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ میسور کے سنسان علاقوں اور آؤٹر رنگ روڈ پر نقل و حرکت والی موٹر گاڑیوں پر گہری نگاہ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ کوئی حادثات اور واقعات کے بعد اس ڈاٹا کو استعمال کرکے مجرموں کو گرفتاری کرنے میں آسانی ہو۔ڈاکٹر چندرا گپتا نے بتایا ہے کہ میسور میں حال ہی میں ہوئے واقعات اور عنقریب منعقد کی جانے والی دسہرہ تقریبات کے پیش نظر شہر میسور میں حفاظتی انتظامات سخت کردینے کے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔محکمہ پولیس کے اسپیشل برانچ آفیسرسے کہا گیا ہے کہ وہ لڑکیوں کے پے انگ گیسٹ ہاؤز پہنچ کراس بات کا معائنہ کریں اور دیکھیں کہ وہاں معقول حفاظتی انتظامات ہیں یا نہیں اور اگر نہیں ہیں تو وہاں پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کریں۔ چند مجرم لاڈجوں کے بدلے ان پے انگ گیسٹ ہاؤز میں قیام کو ترجیح دیتے ہیں جہاں شناختی کارڈ اور دوسری دستاویزات کیلئے دباؤ نہیں ڈالا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ چند مجرم جعلی دستاویزات بنا کر پی جی میں قیام کرلیتے ہیں جہاں دستاویزات کامعائنہ نہیں کیا جاتا، اس لئے محکمہ پولیس کے افسر، ان پے انگ گیسٹ کے ذمہ داروں کو پے انگ گیسٹ میں قیام کیلئے آنے والوں کے متعلق تفصیل سے جانکاری حاصل کریں۔ اس کے علاوہ پے انگ گیسٹ عمارتوں میں لازمی طور پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ موبائل کمانڈ سنٹر کی ویان میں کل 18کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ویان کے اندرونی حصے میں چھ کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور بقیہ 12 کیمرے ویان کے باہر کے حصہ میں نصب کئے گئے ہیں۔ تمام اطلاعات حاصل کرنے کے بعد ریکارڈکی گئی انفارمیشن کو میسور کے پولیس کمشنر کے دفتر میں واقع کمانڈ سنٹر کو روانہ کردیا جائے گا۔


Recent Post

Popular Links