محفوظ عمرہ ماڈل کے نفاذ کے بعد ایک کروڑ افراد عمرہ ادا کر چکے ہیں: سعودی وزارت حج وعمرہ

RushdaInfotech September 19th 2021 urdu-news-paper
محفوظ عمرہ ماڈل کے نفاذ کے بعد ایک کروڑ افراد عمرہ ادا کر چکے ہیں: سعودی وزارت حج وعمرہ

ریاض:18ستمبر(ایجنسی) سعودی وزارت حج و عمرہ کے اعلان کے مطابق محفوظ عمرہ ماڈل کے نفاذ اور زیارت کی بتدریج واپسی کے بعد سے اب تک 1 کروڑ افراد کیلئے عمرے کی ادائیگی کو ممکن بنایا گیا۔ سال 1443 ہجری کے عمرہ سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف ممالک کیلئے جاری عمرہ ویزوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔وزارت حج و عمرہ کے مطابق صحت، سکیورٹی اور انتظامی امور سے متعلق منصوبوں پر عمل درآمد کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ براہ راست رابطہ کاری پر کام کیا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کیلئے ایک جامع نظام کے تحت معتمرین، زائرین اور نمازیوں کی ماہانہ تعداد کو 35 لاکھ تک پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کے مطابق اس وقت معتمرین کی یومیہ تعداد 70 ہزار ہے جن کو آٹھ دورانیوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ نماز اور عمرے کے اجازت نامے ”تولنا“ ایپلی کیشن کے ذریعے جاری کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا کی ویکسی نیشن کرانا، عمرے کی ادائیگی اور مسجد حرام اور مسجد نبوی میں نمازوں کی ادائیگی کیلئے بنیادی شرط ہے۔ ڈاکٹر عبدالفتاح نے باور کرایا کہ بیرون ملک سے آنے والے معتمرین کو درخواست کے ساتھ اپنے ملک کا منظور شدہ مصدقہ کورونا ویکسی نیشن سرٹی فکیٹ منسلک کرنا لازم ہے۔


Recent Post

Popular Links