ریاست کی بی جے پی حکومت عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام ٹمکور میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے ڈیویژنل سطح کے اجلاس میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری سرجیولاکاخطاب

RushdaInfotech July 26th 2021 urdu-news-paper
ریاست کی بی جے پی حکومت عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام  ٹمکور میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے ڈیویژنل سطح کے اجلاس میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری سرجیولاکاخطاب

ٹمکور۔25جولائی(سالارنیوز)بی جے پی حکومت عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے،جس کے سبب وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کا معاملہ طول پکڑچکاہے۔یہ الزام اے آئی سی سی جنرل سکریٹری وریاستی کانگریس کے نگران کار رندیپ سنگھ سرجیوالانے لگایا۔انہوں نے یہا ں پانچ اضلاع کے ڈیویژنل سطح کے کانگریس لیڈروں کے اجلاس میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی بی جے پی حکومت بدعنوانیوں میں گھری ہوئی ہے،یہ عوام کی طرف سے منتخب کردہ حکومت نہیں ہے ریاست کے عوام کا فرمان بی جے پی کے حق میں نہیں تھا،بی جے پی نے اراکین اسمبلی کو ہائی جیک کرکے غیر قانونی طورپر حکومت بنائی ہے۔ریاستی حکومت کو عوامی مفاد کی کوئی پروانہیں ہے، صرف اقتدار چلانااور پیسہ کماناہی اہم ہے۔سرجیوالا نے کہاکہ کووڈ کے ان نازک حالات میں عوام کو کئی مشکلات کا سامناکرناپڑرہاہے،اس کے باوجود حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور انہیں راحت پہچانے کے حق میں نہیں ہے،ایسے نازک حالات میں بھی انہیں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کی پڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ قیادت میں تبدیلی کا معاملہ بھی بی جے پی کی سیاسی ڈرامہ بازی ہے۔آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے ضلع پنچایت اور تعلقہ پنچایت انتخابات کیلئے پارٹی کو بنیادی سطح سے مضبوط بنانے کے مقصد سے بوتھ سطح اورگرام پنچایت سطح کے لیڈروں کا اجلاس طلب کیاگیاہے،جس میں پانچ اضلاع کے کانگریس پارٹی لیڈروں نے شرکت کی ہے اور اپنے مشورے پیش کئے ہیں۔آئندہ دنوں میں بوتھ کمیٹی،بلاک کمیٹیو ں سے بھی رائے حاصل کی جائے گی۔کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار نے کہاکہ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے بلاک کانگریس کمیٹی کی سطح سے ہی سنکلپ یاترانکالنے کے بارے میں غور کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد ریاست میں تعلقہ وضلع پنچایت انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان ہونے والاہے،ان انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کرنی ہوں گی۔پچھلے دو سالوں سے ریاستی بی جے پی حکومت نے ایک بھی عوامی منصوبہ جاری نہیں کیاہے۔اقتدار پر رہ کر بھی عوام کی توقع کے مطابق کام نہیں کیاہے،دو سالوں سے صرف وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے معاملے کو لے کر سرد جنگ چلی آرہی ہے۔قیادت میں تبدیلی کا مطلب ہی یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ اہل نہیں ہیں اور عوام کے کام نہیں آرہے ہیں۔پچھلے دوسالوں سے کوروناکے ان نازک حالات میں ریاستی حکومت نے کیاکیاہے اور کتنے بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی ہیں اس سے عوام خود واقف ہیں۔ اپوزیشن لیڈر وسابق وزیر اعلیٰ سدارامیااور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ ایم ویرپا موئیلی،سابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور،سابق مرکزی وزیر کے ایچ منی اپا،سابق اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار،سابق ریاستی وزیر اے آر پاٹل،ٹی بی جئے چندرا،نصیر احمد،کے پی سی سی کارگذار صدر سلیم احمد،ایشور کھنڈرے،وی آر سدرشن،سابق رکن اسمبلی ایس رفیق احمد کے علاوہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر آر رام کرشنپااور دیگر موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links