ایڈی یورپا وزیراعلیٰ رہیں گے یا نہیں؟تذبذب برقرار ہائی کمان کی ہدایت کا انتظار،بی جے پی کے قومی صدر نے کی خوب تعریف

RushdaInfotech July 26th 2021 urdu-news-paper
ایڈی یورپا وزیراعلیٰ رہیں گے یا نہیں؟تذبذب برقرار ہائی کمان کی ہدایت کا انتظار،بی جے پی کے قومی صدر نے کی خوب تعریف

بنگلور-25جولائی(سالار نیوز)کرناٹک کی بی جے پی حکومت میں قیادت کی تبدیلی پر سسپنس اب بھی برقرار ہے- وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے بی ایس ایڈی یورپا کو بے دخل کرنے یا برقرار رکھنے کے بارے میں اب تک یہ کہا جا رہا تھا کہ 25 جولائی کو اعلیٰ کمان کی طرف سے ہدایت مل جائے گی - لیکن دیر شام تک بھی اعلیٰ کمان کی طرف سے ایڈ ی یورپا کو ایسی کوئی ہدایت نہیں ملی جبکہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کرناٹک میں بحیثیت وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کی دوسالہ مدت کی تکمیل پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کے پرفارمنس کو خوب سراہا- سات ہی قیاد ت کی تبدیلی کے بارے میں مبہم جواب دے کر اپنا دامن جھاڑ لیا کہ قیاد ت کی تبدیلی کی بات آپ کر رہے ہیں،ہم نہیں - ادھر شام تک بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے کسی پیغام کے انتظار کے بعد ایڈی یورپا نے کہا کہ ممکن ہے کہ یہ پیغام رات تک یا کل صبح تک آہی جائے گا- انہوں نے کہا کہ بی جے پی اعلیٰ کمان اگر انہیں عہدے پر برقرار رکھنا چاہے تو وہ برقرار رہیں گے اور اگر مستعفی ہوجانے کیلئے کہیں تو وہ فوراً عہدہ چھوڑ کر ریاست میں پارٹی کو منظم کرنے کے کام میں لگ جائیں گے -گوا میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جے پی نڈا نے کہا کہ ایڈی یورپا گزشتہ دوسال سے وزیر اعلیٰ کے طور پر بہتر کام کر رہے ہیں - کرناٹک میں کوئی سیاسی عدم استحکام نہیں ہے- اپنے ممکنہ جانشین کے بارے میں ایڈی یورپا نے کہا کہ بی جے پی میں صرف وہ ایک ہی لیڈر نہیں بلکہ بہت سارے ہیں - قیادت کے مسئلہ پر اعلیٰ کمان کی طرف سے جو بھی ہدایت ملتی ہے وہ اس کی پابندی کریں گے - آنے والے دنوں میں وہ اقتدار پر رہیں یا نہ رہیں ریاست میں پارٹی کو دوبارہ اقتدار پر لانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے- اس دوران کرناٹک میں ایڈی یورپا کے استعفیٰ کی صورت میں اس کرسی کے ایک اہم دعویدار مرگیش نیرانی دہلی روانہ ہو گئے - بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے اس کرسی پر اپنی دعویداری کو مضبوط کرنے کیلئے دہلی میں پارٹی کے بغض رہنماؤں سے ملاقات کیلئے دہلی کا رخ کیا ہے- نیرانی کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بہت قریبیوں میں شمار کیا جاتا ہے -قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائیوں کے درمیان ریاستی بی جے پی صدر نلن کمار کٹیل نے ان تمام سے ناوقفیت کا اظہارکیا اور کہا کہ قیادت میں تبدیلی کے بارے میں انہیں کوئی علم نہیں - اس دوران وزیر صنعت جگدیش شٹر نے قیادت میں تبدیلی کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے پیغام روانہ کرنے میں تاخیر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تاخیر زیادہ ہو تو اس سے عدم استحکام کو ہوا ملے گی اور پارٹی کے کارکنوں میں افرا تفری مچ سکتی ہے- اعلیٰ کمان کو اس معاملہ میں سسپنس کو طول نہیں دینا چاہئے اور اس فیصلہ کا اعلان جلد کرنا چاہئے کہ ایڈی یورپا کو برقرار رکھا جائے گا یا نہیں - اعلیٰ کمان کی طرف سے جو بھی فیصلہ ہو گا اس پرعمل کیا جائے گا-


Recent Post

Popular Links