ایشورپا نے وزیر اعلیٰ کے متعلق اپنے مکتوب کا دفاع کیا استعفیٰ دینے سے انکار، بی جے پی اعلیٰ کمان سے انصاف ملنے کی امید

RushdaInfotech April 4th 2021 urdu-news-paper
ایشورپا نے وزیر اعلیٰ کے متعلق اپنے مکتوب کا دفاع کیا استعفیٰ دینے سے انکار، بی جے پی اعلیٰ کمان سے انصاف ملنے کی امید

بنگلورو۔3/اپریل(سالار نیوز)وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کے خلاف بی جے پی اعلیٰ کمان اور گورنر سے شکایت کرنے والے ریاستی وزیر کے ایس ایشورپا نے کہا ہے کہ بی جے پی کے بعض حلقوں میں ان کے خلاف شروع ہونے والی دستخطی مہم سے وہ خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ اخباری نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے استعفیٰ کی مانگ یا ان کے قلمدان کی تبدیلی کی دھمکیوں سے وہ خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں اب کافی بحث ہو چکی ہے۔ اس معاملہ میں پارٹی کے مرکزی قائدین نے ان کے مکتوب میں جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کی یکسوئی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کمان نے ان سے کہا ہے کہ اس معاملہ کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ اس لئے وہ اس موضوع پر زیادہ بحث کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کے پاس ریاستی اور مرکزی حکومت کو بدنام کرنے کے لئے کوئی موضوع نہیں ہے، اس لئے ان کے مکتوب کو بنیاد بنا کر اس کی آڑ میں حکومت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کے استعفیٰ کے مطالبات پر تبصرہ کرتے ہوئے ایشورپا نے کہا کہ ایڈی یورپا کو استعفیٰ دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کو ہر وقت خواب میں صرف وزیر اعلیٰ کی کرسی ہی دکھائی دیتی ہے، اس لئے وہ استعفیٰ کی مانگ کرتے رہتے ہیں، اس کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں۔


Recent Post

Popular Links