بی بی ایم پی کے طرز پر وقف بورڈ کے لئے ٹاسک فورس قائم کیا جائے وقف بورڈ کو اقلیتی کمیشن کی اڈوائزری۔حکومت سے نمائندگی کرنے عبدالعظیم کا تیقن

RushdaInfotech April 4th 2021 urdu-news-paper
بی بی ایم پی کے طرز پر وقف بورڈ کے لئے ٹاسک فورس قائم کیا جائے  وقف بورڈ کو اقلیتی کمیشن کی اڈوائزری۔حکومت سے نمائندگی کرنے عبدالعظیم کا تیقن

بنگلورو۔3/اپریل (سالارنیوز) ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیرمین عبدالعظیم نے آج اپنے دفتر میں کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کے اے سی ای او معاذ الدین خان اور دیگر افسروں کا ایک اجلاس طلب کرکے بورڈ کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے بعداقلیتی کمیشن قانون کی دفعہ 10(d)(b)(i)&(j) کے تحت ا قلیتی اداروں اور ان کی املاک کے تحفظ کو ممکن بنانے کے لئے دئے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بورڈ کو ایک اڈوائزری جاری کی ہے، جس کا کئی قائدین اور عمائدین نے خیر مقدم کیا ہے۔اڈوائزری میں کہا ہے کہ ریاست میں اکثر اوقافی املاک پر انفرادی اداروں اور سرکاری محکموں کے غیر قانونی قبضے ہیں، ان غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے بی ایم ٹی ایف اور بی ڈی اے کے طرز پر ٹاسک فورس قائم کرنے حکومت کو مناسب تجویز روانہ کرنے بورڈ کو ہدایت دی ہے۔ہر وقف مسئلہ کو لے کر لوگوں کو بورڈ کے صدر دفتر بنگلور آنے کی ضرورت نہیں۔ چار ریونیوڈیویژنوں میں ڈیویژنل دفاتر قائم کرنے کا کمیشن نے بورڈ کو مشورہ دیا ہے۔ بورڈ کے خلاف مسائل کے حل کے لئے ہفتہ میں ایک بار بورڈ کی میٹنگ طلب کی جائے۔ شہر بنگلور کی مضافات بیلہلی کی 600/ایکڑ زمین بورڈ کے قبضے سے نکل گئی ہے۔ اب صرف 60/ایکڑ زمین رہ گئی ہے۔ متعلقہ تحصیلدار اور ڈپٹی کمشنر کی مدد سے اس 60/ایکڑ وقف زمین کو بورڈ کی تحویل میں لے کر وہاں ایک میڈیکل انجینئرنگ کالجس اور ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم کرنے بورڈ کو مشورہ دیا ہے۔ اس وقت بورڈ میں ایک سی ای او اور ایک اے سی او خدمات انجام دے رہے ہیں۔صرف یہ دو افسران کام کے دباؤ کو پورا نہیں کرسکتے۔ مزید دو اڈیشنل اے سی ای اوز کا تقرر کیا جائے۔ الحاج محمد یوسف کے انتقال سے متولی زمرہ سے ایک رکنیت خالی پڑی ہے، اس رکنیت کو پُر کرنے الیکشن منعقد کیا جائے۔ضلعی اڈوائزری کمیٹیوں کو مؤثر طریقے سے کام کاج انجام دینے ان کمیٹیوں کو گاڑی فراہم کرنے کمیشن نے ہدایت دی ہے۔ ضلع وقف مشاورتی کمیٹیوں کے چیرمینوں کو ماہانہ اعزازیہ صرف2ہزار روپئے دیا جارہا ہے،اس میں اضافہ کیا جائے۔ ہر وقت اوقافی اداروں کے آڈٹ کو یقینی بنانے، وقف کمیٹیوں کی مقررہ میعاد بڑھ جانے پر ان اداروں کا انتظامیہ راست و قف بورڈ کے ماتحت لے کر اڈمنسٹریٹر کا تقرر کرنے، وقف کانٹری بیوشن کی وصولی میں تیزی لانے، وقف اداروں کے التوا میں پڑے معاملات کی تیزی سے حل کے لئے قابل اور دیانتدار وکلاء کا تقرر کرنے کی کمیشن نے بورڈ کو ہدایات دی ہیں۔اس اجلاس کے بعد منعقدہ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعظیم نے بتایا کہ بورڈ حکومت کو جو جو تجاویز پیش کرے گا کمیشن ان کا تعاقب کرکے ان تجاویز پر منظوری دلوانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔بورڈ کو مزید سرگرم اور کارآمد بنانے اور التوا میں پڑے معاملے حل کرنے ہر ہفتہ یا کم از کم15دنوں میں ایک مرتبہ بورڈ کی میٹنگ لازمی طلب کرنے کی بھی کمیشن نے ہدایت دی ہے۔کمیشن نے بورڈ کو اچھے مشورے دینے کے علاوہ کئی کارآمد ہدایات بھی دی ہیں۔ان پر اگر واقعی عمل ہو تو اوقافی املاک کے تحفظ اورغیر قانونی قبضے ہٹانے اور وقف املاک کی آمدنی میں اضافہ ضرور ہوگا۔ ان مشوروں اور ہدایات پر کس حد تک عمل ہوگا، یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔


Recent Post

Popular Links