مسجد حرام میں عمرہ کیلئے آنے والے غیر مجاز افراد کی نشاندہی

RushdaInfotech April 4th 2021 urdu-news-paper
مسجد حرام میں عمرہ کیلئے آنے والے غیر مجاز افراد کی نشاندہی

ریاض، 3/اپریل (ایجنسی)سعودی عرب کے نائب وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے بتایا ہے کہ حرم مکی میں معتمرین کے استقبال کیلئے قائم کردہ مراکز میں نمازیوں اور معتمرین میں غیر مجاز افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے کی جانے والی نشاندہی سے پتا چلا ہے کہ حرم مکی میں ایسے افراد بھی داخل ہوئے ہیں جن کے پاس حرم میں داخل ہونے کا اجازت نامہ اور دیگر کوائف نہیں تھے۔ایک بیان میں ڈاکٹر سلیمان مشاط نے بتایا کہ حرم مکی میں داخلے کے حوالے سے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی نشاندہی پر فوری طور پر متعلقہ اداروں کو مطلع کیا گیا جنہوں نے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کر کے انہیں حرم کی حدود سے باہر نکال دیا۔سعودی عرب کے نائب وزیر حج کا کہنا ہے کہ حکومت بیت اللہ میں عمرہ کی سعادت کے حصول اور نماز کی ادائی کیلئے آنے والے مسلمانوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔ اس مقصد کیلئے نمازیوں اور دیگر زائرین کی سہولت کی خاطراعتمرنا ایپ متعارف کرائی گئی اور اس کسی بھی زائر کو حرم میں داخلے کیلئے اس ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حرم میں نمازیوں اور معتمرین کے داخلے کیلئے قائم کردہ شرائط کا مقصد موجودہ وبائی ایام میں حرم مکی میں نمازیوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے زائرین بیت اللہ پر زور دیا کہ وہ غیر مجاز افراد کی حرم کی حدود میں موجودگی یا وہاں داخلے کی کوشش کرنے والے افراد کے بارے میں متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ حرم مکی میں آمد ورفت کیلئے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو روکا جاسکے۔


Recent Post

Popular Links