منچن ہلی گرام پنچایت انتخابات کانگریس حامی امیدواروں کی جیت،نگران کار وزیر کو جھٹکہ

RushdaInfotech April 2nd 2021 urdu-news-paper
منچن ہلی گرام پنچایت انتخابات  کانگریس حامی امیدواروں کی جیت،نگران کار وزیر کو جھٹکہ

چکبالاپور۔یکم اپریل (محمد جیلانی۔نامہ نگار) چکبالاپور اسمبلی حلقہ کی حدود میں شامل گوری بدنور تعلقہ کی منچن ہلی گرام پنچایت کیلئے ہوئے انتخابات میں ووٹروں نے کانگریس پارٹی کے حامی امیدواروں کے حق میں ووٹ دے کر کانگریس پارٹی کو طاقتو ر بنایاہے اور دوسر ی طرف بی جے پی حامی امیدواروں کو نظر انداز کرکے ریاستی وزیر و ضلع انچارج ڈاکٹر کے سدھاکر کو نیچا دکھاکر انہیں حیرت میں ڈال دیاہے۔ 29 مارچ کو منچن ہلی گرام پنچایت کے 6 وارڈوں کی جملہ 20سیٹوں کیلئے ہوئے انتخابات میں یہاں کے ووٹروں نے کانگریس کے حامی 12/ امیدواروں کو کامیاب بنایا ہے، جبکہ بی جے پی حامی 5/ امیدواروں کو کامیابی دلائی ہے۔3آزاد امیدواربھی کامیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق منچن ہلی گرام پنچایت انتخابات نگران کار وزیر ڈاکٹر سدھاکر اور سابق وزیراین ایچ شیو شنکر ریڈی کیلئے بہت ہی اہم اور وقار کا مسئلہ سمجھے جارہے تھے۔ اس لئے کہ وزیر سدھاکر نے منچن ہلی گرام پنچایت کی ترقی کیلئے اپنے اعلان کے مطابق تعلقہ کا درجہ بھی دلایا تھا۔سرکاری اسپتال و سرکاری دفاتر قائم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کرنے کی پہل کی تھی ان سب کے باوجود بھی یہاں کے ووٹروں نے بی جے پی حامی امیدواروں کو نظر انداز کرکے کانگریس پارٹی کے حامی امیدواروں کو کامیاب بنا یاہے،جس کے نتائج منظر عام پر آنے کے بعد ڈاکٹر سدھاکر کو دھکہ ضرور پہنچاہوگا۔اس گرام پنچایت میں سابق وزیر و گوری بدنور کے ا یم ایل اے شیوشنکر ریڈی و ضلع پنچایت ممبر پرکاش کے علاوہ چکبالاپور و گوری بدنور کے کانگریس لیڈروں نے اپنے حامی امیدواروں کی کامیابی کیلئے مہم چلائی تھی جبکہ بی جے پی حامی امیدواروں کی کامیابی کیلئے ریاستی وزیر ڈاکٹر کے سدھاکر سمیت چکبالاپور و گوری بدنور کے پارٹی لیڈروں نے بھی مہم چلائی تھی۔منچن ہلی گرام پنچایت کیلئے منتخب ہوئے 20/اراکین میں 4مسلم امیدوار بھی شامل ہیں۔ جن 2 کانگریس حامی اور 2 بی جے پی حامی امیدوار کے طور پر منتخب ہوئے ہیں دیگر منتخب شدہ اراکین میں 4 خواتین بھی ہیں۔ان میں وارڈ نمبر 1سے انجم بانو(بی جے پی)، وارڈ نمبر3سے قمرالنساء (کانگریس)،وارڈ نمبر4سے فریدہ بانو(کانگریس)،وارڈ نمبرسے سلمہ بانوشامل ہیں۔منچن ہلی گرام پنچایت کیلئے کانگریس حامی امیدواروں کے طور پر منتخب ہونے والے ممبروں نے سابق وزیر و ایم ایل اے شیوشنکر ریڈی سے ملاقات کی۔


Recent Post

Popular Links